بیو پار منڈل کپوارہ کے الیکشن ملتوی کرنے پر دکاندارو ں کا احتجاج

تاریخ    29 دسمبر 2020 (00 : 01 AM)   


اشرف چراغ
کپوارہ//کپوارہ قصبہ میں بیوپار منڈل کے الیکشن ملتوی کرنے پر پیر کی شام کو دکاندارو ں نے زور دار احتجاج کیا اور ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور اپنے اس حکم نامہ کو واپس لیں ۔کپوارہ قصبہ میں گزشتہ پانچ سال سے بیو پار منڈل کے لئے کوئی بھی الیکشن نہیں ہوا ہے اور معاملہ کورٹ میں تھا جس کے بعد ایک کار گزار چیئر مین کوالیکشن بورڈ نے منتخب کیا تھا ۔ایک ماہ قبل عدالت سے الیکشن بورڈ کو ایک حکم نامہ مو صول ہوا جس میں کہا گیا کہ ایک ماہ کے اندر اندر کپوارہ قصبہ میں بیو پار منڈل کے الیکشن منعقد کیا جائے جس کے بعد امیدوارو ں نے اپنے نامزدگی فارم جمع کئے اور نام واپس لینے کے آخری روز چھ امیدوار بیو پار منڈل کے صدر کے عہدے کے لئے میدان میں رہے ۔بیو پار منڈل کپوارہ کے الیکشن آج یعنی 29دسمبر کو منعقد ہونے والے تھے تاہم پیر کی شام پانچ بجے ضلع انتظامیہ کی جانب سے ایک حکم نامہ جاری ہوا ہے کہ فی الحال سیکورٹی وجوہات کی بنا الیکشن ملتوی کیا جائے ۔فیصلہ آنے کے بعد دکاندارو ں نے احتجاج کیا اور کہا کہ پانچ سال کے بعد عدالت سے بیوپار منڈل کپوارہ کے الیکشن منعقد کرنے کے لئے احکامات صادر ہوئے تاہم ضلع انتظامیہ نے عین موقع پر الیکشن  ملتوی کرانے کے احکامات صادر کئے جس کا کوئی جوازہی نہیں ہے ۔الیکشن میں حصہ لے رہے امیدوراوں کا کہنا ہے کہ انہو ں نے ایک ماہ الیکشن مہم چلا ئی اور زبردست محنت کی اورالیکشن کی تمام تیار مکمل ہوئی ہیں اورانتظامیہ کی جانب سے الیکشن ملتوی کرنے کا یہ اچانک حکمنامہ کیا معنی رکھتا ہے ۔انہو ں نے کہا کہ حالیہ ضلع ترقیاتی کونسل الیکشن میں سیکورٹی کے حوالے سے کوئی مشکلات نہیں تھا توآج کیا وجوہات ہیں۔انہو ں نے کہا کہ کپوارہ میں بیو پار منڈل الیکشن منعقد کرانے کے لئے امن و قانون کا کوئی معاملہ نہیں ہے ۔امیدورا وں نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے فیصلہ پر نظر ثانی کر کے الیکشن اپنی تاریخ پر مقرر کرنے کے لئے احکامات صادر کریں ۔اس دوران موجودہ بیوپار منڈل کے صدر حفیظ اللہ بخشی نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ 2015میں بیوپار منڈل کپوارہ کے الیکشن کرانے مطلوب تھے تاہم اُس وقت کپوارہ عدالت کی جانب سے روک لگائی گئی تھی جس کے بعد الیکشن بورڈ نے ایک کار گزار صدرمقرر کیا جو 2015سے کام کر رہا ہے ۔انہوں کہاکہ 5سال بعد عدالت نے ہی ایک ماہ کے اندر ندر الیکشن منعقد کرنے کے لئے ایک حکم نامہ جاری کیا اور ایک ماہ سے بیوپار منڈل کے الیکشن کی تیاریا ں زوروشور سے جاری ہیں اور 29دسمبر کو دکاندارو ں کو ووٹ ڈالنے تھے لیکن انتظامیہ کی جانب سے الیکشن ملتوی کر نے کے فیصلہ سے دکاندارو ںمیں شدید ناراضگی پائی جارہی ہے ۔انہو ں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ نے ایسا فیصلہ صادر کر کے کاروباری حلقے کے جذبات کو مجروح کیا ہے ۔
 

تازہ ترین