تازہ ترین

رام بن ضلع میں بجلی کی اعلانیہ کٹوتی سے لوگوں کا جینا دوبھر

تاریخ    10 دسمبر 2020 (00 : 01 AM)   


ایم ایم پرویز
رام بن//ضلع رام بن کے مختلف قصبوں اور دیہی علاقوں میں گھریلو صارفین پچھلے کچھ ہفتوں سے بجلی کی غیر اعلانیہ کتوتی کی مسلسل شکایت کر رہے ہیں۔ دوسری طرف جموں پاورڈیولپمنٹ کارپوریشن کا دعویٰ ہے کہ اس کی وجہ سسٹم پر اضافی بوجھ ہے۔ ضلع میں900میگاواٹ بغلیہار پن بجلی پروجیکٹ ہونے کے باوجود بھی متعدد علاقوں کو صبح اور رات کے اوقات میں غیر اعلانیہ کٹوتی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔رام بن،بانہال ،گول اور بٹوت کے صارفین نے بتایا کہ جب سے سردیوں کا سیزن شروع ہوا ہے تب سے بجلی سپلائی کے بے قاعدگی معمول بن چکی ہے۔ضلع سے پی ڈی ڈی کے انجینئر دعوی کرتے ہیں کہ ضلع میں بجلی کی طلب میں اضافہ ہوا ہے۔بجلی کی فراہمی میں مسلسل رکاوٹ آرہی ہے  اور لوگوں کو ضلع بھر میں بجلی کی کٹوتی کا سامنا ہے۔انجینئروں اور پی ڈی ڈی کے فیلڈ اسٹاف کا دعویٰ ہے کہ قصبوں اور دیہی علاقوں میں بجلی کٹوتی کی وجہ ٹرانسفارمروں کی اوور لوڈنگ،ناقص ترسیلی وتقسیم کاری نظام وبجلی چوری ہے جس کے نتیجے میں تکنیکی خرابیاں پیدا ہونے کے باعث سپلائی بار بار منقطع ہوجاتی ہے۔انجینئروں کا کہنا ہے کہ ان صارفین کو اپنی شکایات کے حل کے لئے گھنٹوں انتظار کرنا پڑا ہے اور عملہ کی قلت کی وجہ سے صورتحال مزید سنگین بن جاتی ہے۔