آج دوپہر سے موسم تبدیل ہوگا | 9دسمبر کی صبح تک برفباری اور بارشوںکا امکان

تاریخ    7 دسمبر 2020 (00 : 12 AM)   


اشفاق سعید
سرینگر //جموں وکشمیر میں مغربی ہوائیں داخل ہو چکی ہیں اور آج دوپہر سے وادی کے بالائی علاقوں میں ہلکی سے درمیانہ درجے کی برف باری اور میدانی علاقوں میں بارشیں ہونے کا امکان ہے ۔ بارشوں اور برف باری کا سلسلہ 8دسمبر کو بھی جاری رہے گا ۔ محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ موسم کے حوالے سے پہلے ہی پیشگوئی کی جا چکی ہے کہ آج مغربی ہوائیں وادی میں داخل ہو ں گی جس کے بعد 7 کی دوپہر سے بالائی علاقوں گلمرگ ، پیر پنچال ، سونہ مرگ ، زوجیلا ، نستہ چھن گلی ، رازدان ٹاپ ، پیر کی گلی پر برف باری اور بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گا جو9دسمبر کی صبح تک جاری رہے گا ۔ برف باری کا سلسلہ خطہ لیہہ کے کرگل اور زانسکار کے دور افتادہ علاقوں میں بھی شروع ہو گا ۔ انہوں نے بتایا کہ 8دسمبر کو وادی کے بیشتر علاقوں کے ساتھ ساتھ کرگل اور دراس میں ہلکی سے درمیانہ درجہ کی برف باری ہو گی جبکہ وادی کے پہاڑی علاقوں گلمرگ ،زوجیلا ، گریز وغیر ہ علاقوں میں شدید برف باری ہونے کا امکان ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ برف باری کے نتیجے میں مغل روڑ ، سرینگر لداخ شاہراہ ، گریز بانڈی پورہ روڑ سمیت دیگر علاقوں کی سڑکیں بھی بند ہو سکتی ہیں ۔اس دوران محکمہ موسمیات نے بتایا کہ وادی میں سنیچر اور اتوار کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت ایک مرتبہ پھر نقطہ انجماد سے نیچے چلا گیا جس کے سبب سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ۔ سرینگر میں رات کا کم سے کم درجہ حرات منفی0.6ڈگری سلسیش ، قاضی گنڈ میں منفی1.4، پہلگام میں منفی 1.1 اور گلمرگ میں منفی 5.0ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا  ۔
 

تازہ ترین