تازہ ترین

صبح و شام کہرا چھایا رہیگا

۔7اور 8دسمبر کو برف و باراں متوقع : سونم لوٹس

تاریخ    3 دسمبر 2020 (00 : 01 AM)   


اشفاق سعید
سرینگر//سخت سردی کے بیچ محکمہ موسمیات نے ایک مرتبہ پھر 7اور 8دسمبر کو پیر پنچال کے آر پار ہلکی سے درمیانہ درجہ کی برف باری اور بارشوںکا امکان ظاہر کیا ہے ۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئند ہ کچھ روز تک کم سے کم درجہ حرارت میں مزید گراوٹ دیکھنے کو ملے گی ۔وادی کشمیر میں شدید سردیوں کیلئے مشہور چالیس روزہ 'چلہ کلان' کے آغاز سے قبل ہی درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج ہونے سے سردیوں کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے ۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 6دسمبر کو ایک مرتبہ پھر مغربی ہوائیں وادی میں داخل ہو ں گی جس کے سبب کشمیر کے میدانی علاقوں میں بارشوں کے ساتھ ساتھ ہلکی جبکہ بالائی علاقوں میں ہلکی سے درمیانہ درجہ کی برف باری ہو سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ برف باری لداخ اور کرگل میں بھی متوقع ہے ۔ادھر سرینگر جموں شاہراہ پر پانپور سے اننت ناگ تک دن کے گیارہ بجے تک سخت کہرا چھایا تھا جس دوران یہاں گاڑیاں بتیاں جلا کر چلتی رہیں۔جبکہ شام کے وقت شہر کے متعدد علاقوں میں بھی دھند چھائی رہتی ہے۔منگل اور بدھ کی درمیانی رات سرینگر میں رات کا کم سے کم درجہ حرارت منفی.0 1 ، پہلگام منفی 2.3اور گلمرگ منفی 1.4 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ لداخ میں کے لیہہ شہر میں رات کا  درجہ حرارت منفی.0 7 اور کرگل میں منفی 4.3 ریکارڈ کیا گیا۔یاد رہے کہ وادی کشمیر میں سال گذشتہ ماہ نومبر کے اوائل میں ہی برفباری ہوئی۔