تازہ ترین

ٹی آر سی میںکورونا کی جانچ جاری | روزانہ300 افراد کے ٹیسٹ کئے جاتے ہیں

سنٹر میں گرمی کا انتظام کرنے کا مطالبہ

تاریخ    1 دسمبر 2020 (00 : 01 AM)   
(عکاسی: امان فاروق)

پرویز احمد
 سرینگر // ٹی آر سی سرینگر میں کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے قائم کئے گئے ٹیسٹنگ سینٹر میں مشتبہ متاثرین کی ٹیسٹنگ عمل جاری ہے اور یہاں روزانہ 300تشخیصی ٹیسٹ کئے جاتے ہیں۔ٹیسٹنگ سینٹر کے انچارج ڈاکٹر آہنگر نے بتایا’’ ٹی آر سی آنے والے مشتبہ افراد کی ٹیسٹنگ کا عمل بغیر کسی رکاوٹ کے جاری ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر سی سرینگر میں روزانہ 250سے 300مشتبہ افراد کی ٹیسٹنگ ہوتی ہے اور ان میں اوسطً10سے 15افراد کی رپورٹیں مثبت آتی ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ مارچ میںقائم کئے گئے ٹیسٹنگ سینٹر میں بچوں، خواتین اور معمر اشخاص کی ٹیسٹنگ عمل میں لائی جاتی ہے جبکہ اس کے علاوہ مختلف علاقوں میں ٹیسٹنگ کیلئے بھی ٹیموں کو روانہ کیا جاتا ہے۔ سونہ وار کے ایک شہری شوکت احمد نے بتایا کہ ٹی آرسی ٹیسٹنگ سینٹر کی وجہ سے لوگوں کو کافی حد تک راحت نصیب ہورہی ہے لیکن اس ٹیسٹنگ سینٹر میں موسم سرما کے دوان عملہ اوروہاںآنے والے لوگوں کیلئے مزید سہولیات کا انتظام کیا جائے‘‘۔شوکت احمد نے بتایا کہ جب کوئی مشتبہ شخص سردی ، زکام اور دیگر علامات کی وجہ سے ٹیسٹنگ کیلئے آتا ہے تو وہ سردی میں کھڑے رہنے کی وجہ سے مزید بیمار ہوجاتا ہے‘‘۔شوکت احمد نے بتایا کہ محکمہ صحت کو عملہ اور وہاں آنے والے لوگوں کیلئے گرمی کا انتظام کرنا چاہئے۔