تازہ ترین

کورونا مخالف ویکسین تیار کرنے والی3 کمپنیاں

وزیر اعظم کامتعلقہ نمائندوں کیساتھ تبادلہ خیال

تاریخ    1 دسمبر 2020 (00 : 01 AM)   


نیوز ڈیسک
نئی دلی//پیر کو وزیر عظم نریندر مودی نے کورونا وائرس مخالف ویکسین تیار کرنے والے تین کمپنیوں کے نمائندوں کے ساتھ ایک ورچوول میٹنگ کی اور کمپنیوں کے نمائندوں پر زوردیا ہے کہ وہ تیار ہونے والے ویکسینوں کے بارے میں لوگوں کو آسان اور عام فہم زبان میں زیادہ سے زیادہ جانکاری فراہم کریں۔وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ میٹنگ کے دوران وزیر اعظم نے ویکسین کی تقسیم اور دیگر معاملات کے حوالے سے کمپنیوں کے نمائندوں سے مشورے طلب کئے ہیں۔ وزیر اعظم نے تمام محکمہ جات کے افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ ویکسین تیار کرنے والے کمپنیوں کے مسائل جلد حل کرے تاکہ کمپنیوں کی جانب سے ویسکین تیار کرنے کی کوششیںکامیاب ہوسکیں اور وہ ملک کے ساتھ ساتھ پوری دنیا کی مدد کرسکیں۔  مودی نے پیر کو جن کمپنیوں کے نمائندوں سے بات کی ،ان میں پونے میں واقع جینوا بائیوفرماسیوٹیکلز لمیٹڈ حیدرآباد کی بائیوولوجیکل ای لمیٹڈ اور ڈاکٹر ریڈیز لیب لمیٹڈ شامل ہیں۔ انہوں نے ویکسین بنانے میں مصروف ان کمپنیوں کے سائنسدانوں کی تعریف کی۔ ویکسین کی ترقی کے لئے مختلف پلیٹ فارم کا بھی اس دوران تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعظم نے ان کمپنیوں سے ریگولیٹری عمل اورمتعلقہ معاملات کے بارے میں اپنی تجاویز اور نظریات شیئر کرنے کو کہا ہے ۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ ان کمپنیوں کوویکسین کے بارے میں عام معلومات اور ان کے اثرات کے بارے میں لوگوں کو آسان اور عام فہم زبان میں معلومات دینی چاہیے ۔ ویکسین کی تقسیم کے تناظر میں ان کی دیکھ بھال ، نقل وحمل، کولڈ اسٹوریج ہاوسز وغیرہ پربھی بات چیت کی گئی۔ ان تینوں ٹیموں کی ویکسین تجربے کے مختلف مراحل میں ہیں اور ان کے بارے میں تفصیلی اعدادوشمار اور نتائج آئندہ سال آنے روع ہوں گے ۔قابل ذکر ہے کہ مودی نے ہفتہ کے روز احمدآباد کے زایڈس بائیوٹیک پارک، حیدرآباد کے بھارت بایوٹیک اور پونے میں واقع سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا کا دورہ کیا۔