تازہ ترین

پونچھ میں کنٹرول لائن کے نزدیک مشتبہ پاکستانی طیارے کی پرواز کے بعد الرٹ جاری

تاریخ    30 نومبر 2020 (01 : 12 PM)   


نیوز ڈیسک
سرینگر//ضلع پونچھ میں پیر کی صبح ایک مشتبہ پاکستانی طیارے کی کنٹرول لائن کے نزدیک پرواز کے بعد ہائی الرٹ جاری کریا گیا ہے۔بعد ازاں یہ معاملہ فضائیہ کے ساتھ اٹھایا گیا تاکہ اس بات کا پتہ لگایا جاسکے کہ پاکستانی طیارے نے فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ہے یا نہیں۔
حکام کے مطابق یہ واقعہ آج صبح پیش آیا اور اس کا پتہ اُس وقت چلا جب کنٹرول لائن کے نزدیک شہپور اور سوجیان کے درمیان دھوئیں کی ایک لکیر بن گئی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کے مشتبہ طیارے نے کنٹرول لائن کے نزدیک کم و بیش ساڑھے تین کلو میٹر تک پرواز کی۔
انہوں نے مزید کہا چونکہ یہ بات طے ہے کہ کسی بھارتی طیارے نے وہاں سے کوئی اڑان نہیں بھری اس لئے جو دھوئیں کی لکیر پائی گئی ہے وہ پاکستانی طیارے کی پرواز سے ہی پیدا ہوئی تھی۔
 حکام نے اس معاملے کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے فضائیہ کے ساتھ معاملہ اٹھایا ہے تاکہ فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تصدیق کی جاسکے۔
ذرائع نے مزید کہا کہ اگر چہ فضائیہ کی طرف سے ابھی کوئی بات نہیں کہی گئی ہے تاہم معاملے کی تحقیقات جاری ہے۔