تازہ ترین

مودی ویکسین بنانے والی تین کمپنیوں کا دورہ کریں گے

تاریخ    28 نومبر 2020 (00 : 01 AM)   


نئی دہلی//دنیا بھر میں کورونا ویکسین کا بے صبری سے انتظار کیا جارہا ہے، اس کی تیاری کس مرحلے میں ہے اور وہ کب تک بازار میں دستیاب ہوگی، اس بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی ہفتہ کے روز ویکسین بنانے والی تین کمپنیوں کا دورہ کریں گے۔وزیر اعظم کے دفتر نے بتایا کہ مسٹر مودی احمد آباد کی ویکسین بنانے والی زیڈس بایوٹیک پارک، حیدرآباد میں واقع بھارت بائیوٹیک اور پونے کی سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا کا دورہ کریں گے۔ اس سے وزیر اعظم کو کورونا ویکسین کی تیاری مرحلے اور اس سے متعلق چیلنجوں کے بارے میں معلومات حاصل ہوں گی۔وزیر اعظم کے دفتر نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ''وزیر اعظم نریندر مودی کورونا وائرس کی ویکسین بنانے کے عمل کا جائزہ لینے کے لئے خود کل تین شہروں کا دورہ کریں گے۔ وہ احمد آباد کے زیڈس بائیوٹیک پارک، حیدرآباد میں بھارت بائیوٹیک اور پونے میں سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا کا دورہ کریں گے''۔ایک ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ ''چونکہ ہندوستان اب کووڈ 19 کے خلاف جنگ کے فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہورہا ہے، وزیر اعظم کو ان کمپنیوں کے دورے اور سائنسدانوں سے بات چیت سے کورونا وائرس کی ویکسین کی تیاری، ملک کے شہریوں کو اس کی دستیابی اور اس سے متعلق چیلنجوں کا علم ہوگا''۔ریاستوں اور مرکزکے زیر انتظام خطوں کے وزرائے اعلی سے ملاقات کے دوران مسٹر مودی نے اس ہفتے کہا تھا کہ کورونا وائرس کی ویکسین کب تک آئے گی، یہ صرف متعلقہ کمپنی اور سائنسدان ہی درست طورپر بتاسکیں گے۔یو این آئی۔