تازہ ترین

پیر دستگیر صاحبؒ کے عرس مبارک کی بڑی تقاریب کل | دپٹی کمشنر سرینگر کا خانیار کا دورہ،انتظامات کا جائزہ لیا

تاریخ    26 نومبر 2020 (00 : 01 AM)   


نیو ز ڈیسک
 سرینگر//حضرت محبوب سبحانی شیخ سید عبدالقادر جیلانی غوث العظم پیر دستگیر صاحبؒ کے سالانہ عرس مبارک کے سلسلے میں ایام متبرکہ جاری ہیں اور کل یعنی جمعہ کو عرس کی بڑی تقریبات منعقد ہورہی ہیں ۔ اسلامی کلینڈر کے مطابق عرس پاک کے سلسلے میں11روزہ ایام متبرکہ یکم ربیع الثانی سے شروع ہوجاتے ہیں جس دوران ہر روز عصر سے مغرب تک پیر دستیگیر صاحب خانیار اور سرائے بالا میں خصوصی مجالس کا انعقاد ہوتا ہے تاہم امسال آستان عالیہ خانیار میںخصوصی تقریبات صبح 9بجے سے دن کے ساڑھے 11بجے تک منعقد ہورہی ہیں۔ عرس مبارک کی سب سے بڑی تقریب 27نومبر یعنی جمعہ کو منعقد کی جارہی ہے۔خانیار ،سرائے بالااور جناب صاحب صورہ میں عرس کے سلسلے میں انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ہے۔اس دوران ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے بدھ کو مختلف محکموں کے آفسیران کے ہمراہ خانیار کا دورہ کیااور عرس کے سلسلے میں کئے جارہے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے عرس کے دوران زائرین کیلئے خاطر خواہ انتظامات کے ساتھ ساتھ پانی اور بجلی کی بلا خلل سپلائی ،ٹریفک ،پارکنگ ،صحت و صفائی اور فسٹ ایڈ سہولیات بہم رکھنے کی ہدایت دی ۔انہوں نے کوویڈ19کے رہنما خطوط پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی ۔ڈاکٹر شاہد اقبال نے جناب صاحب صورہ میں کئے جارہے انتظامات کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سرینگر ایم حنیف بلخی کے علاوہ محکمہ پی ڈی ڈی ،جل سکتی ،ایس ایم سی ،ایس آر ٹی سی ،آر ٹی او ،وقف بورڈ اور فائر اینڈ ایمرجنسی کے آفسیران بھی ان کے ہمراہ تھے اور انہوں نے  عرس کے سلسلے میں اپنے اپنے محکموں کی طرف سے کئے جارہے انتظامات کے بارے میں جانکاری دی ۔اس موقعہ پرضلع ترقیاتی کمشنرنے خانیاراور اسکے ملحقہ بازاروں کا بھی معائنہ کیا اور مقامی دکانداروں کے ساتھ بات چیت کی ۔
 

تازہ ترین