ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات| پیپلزالائنس کے امیدواروں کو ووٹ دیں

ڈاکٹر فاروق کی عوام سے اپیل

تاریخ    25 نومبر 2020 (00 : 01 AM)   


بلال فرقانی
سرینگر// عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے الائنس کے امیدواروں کو ووٹ دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ گپکار اتحاد کی تشکیل ریاستی تشخص کی واپسی  اور دفعہ 370 و 35اے کی بحالی کیلئے عمل  میں لائی گئی۔نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ نے منگل کو ایک ویڈیو پیغام میں لوگوں کوخبردارکیاکہ کچھ لوگ خود کوعوامی اتحاد کے نامزدگی اُمیدوار قرار دیتے پھررہے ہیں،تاہم انہیں ووٹ نہ دیں بلکہ الائنس کے اصل امیدواروں کے حق میں ہی ووٹ دیں ۔ ایک منٹ 22 اسکینڈ کے اس ویڈیو میں ڈاکٹر عبداللہ نے کہاکہ عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ نے جن کارکنوں کومنڈیٹ دیاہے اورجن کارکنوں کونامزدکیا ہے ،وہی عوامی اتحاد کے متفقہ اورمشترکہ اُمیدوارہیں ۔ڈاکٹر فاروق کاکہناتھاکہ جوکوئی بھی دوسرا شخص چاہئے وہ کسی بھی پارٹی سے وابستہ ہو،خود کوپیپلز الائنس کااُمیدوارجتلانے کی کوشش کررہا ہے ،وہ غلط ہے ،اسلئے لوگ ایسے افرادکے جھانسے میں نہ آئیں بلکہ صرف ان ہی اُمیدواروں کواپناووٹ دیکر کامیاب بنائیں جن کوعوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ نے نامزدکیاہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ کہ الائنس کا وجود جموں کشمیر کے ریاستی تشخص کی واپسی اور دفعہ370کے علاوہ35ائے کی بحالی کیلئے عمل میں لایا گیا ہے اور اس پر بات پر الائنس میں شامل جماعتیں اکھٹے ہوئی ہیں۔ ڈاکٹر عبداللہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بھاری اکثریت میں گھروں سے باہر آئے اور الائنس کے امیدواروں کے حق میں ووٹ دیں۔
 

چھٹے مرحلے کیلئے گپکار اتحاد کی فہرست جاری

بلال فرقانی
 
سرینگر// عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ نے ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات کے چھٹے مرحلے میں نشستوں کی تقسیم کی فہرست جاری کی،جس میں نیشنل کانفرنس کو8جبکہ پی ڈی پی کو3نشستیں ملی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات کے چھٹے مرحلے میں منعقد ہونے والے انتخابات کیلئے الائنس میں شامل جماعتوں نے مشاورت کے بعد نشستوں کی تقسیم سے متعلق ایک فہرست مرتب کی،جس کو بعد میں الائنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو سونپا گیا۔ ڈاکٹر عبداللہ نے اس فہرست کو منگل کو منظوری دی جس کے بعد اس کو منظر عام پر لایا گیا۔نشستوں کی تقسیم سے متعلق اس فہرست میں13نشستوں میں نیشنل کانفرنس کو8 جبکہ پی ڈی کو3اور پیپلز مومنٹ اور عوامی نیشنل کانفرنس کو ایک،ایک نشست دی گئی۔نیشنل کانفرنس کو شمالی کشمیر بارہمولہ میں کے روہامہ جنوبی کشمیر کے کولگام میں پہلو،اننت ناگ کے برنگ اور اچھ بل  پلوامہ میں نیوہ ، شوپیاں میں امام صاحب اول ،شمالی کشمیر کے کپوارہ میں نتونسہ، اوروسطی کشمیر کے بڈگام میں چاڈورہ نشستیں دی گئی۔ پی ڈی پی کو جنوبی کشمیر کے شوپیاں کے امام صاحب دوئم اور بانڈی دوئم کے علاوہ بارہمولہ کی نشست ملی جبکہ پیپلز مومنٹ کے حصے میں جہاں گاندربل کی صفا پورہ نشست آئی وہیں عوامی نیشنل کانفرنس کو ضلع بانڈی پورہ میں بانڈی پورہ اول نشست دی گئی۔ عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ نے فی الوقت ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات کیلئے نشستوں کی تقسیم کیلئے6مرحلوں میں منعقد ہونے والی نشستوں کی تقسیم کی ہے،اور ابھی بھی باقی دو مرحلوں میں منعقد ہونے والے انتخابات کیلئے عنقریب ہی نشستوں کی تقسیم سے متعلق فہرست کو جاری کیا جائے گا۔
 

تازہ ترین