تازہ ترین

بن ٹول پلازا آپریشن کی کامیابی | سیکورٹی اداروں کے بہتر تال میل کانتیجہ:دلباغ سنگھ

تاریخ    24 نومبر 2020 (00 : 01 AM)   


نیوز ڈیسک
جموں //بن ٹول پلاذاآپریشن کو کامیابی کے ساتھ انجام دینے پر جموں و کشمیر کے پولیس سر براہ دلباغ سنگ نے جموں پولیس اور آپریشن میں حصہ لینے والے دوسرے سیکورٹی اداروں کو شاباشی دیتے ہو ئے کہا کہ جنگجویت کے خلاف جس طرح معقول طریقے اور تیزی کے ساتھ کاروائی انجام دی گئی اس سے یہ بات ثابت ہو تی ہے کہ زمینی سطح پر کام کر نے والے سیکورٹی اداروں کے در میان کتنا اچھا تال میل ہے۔اس دوران پولیس سر براہ نے بن ٹول پلازا کے مقام پر جنگجوئوں کے ساتھ تصادم آرائی میں حصہ لینے والے سیکورٹی اہلکاروں کی سراہنا کر تے ہو ئے انہیں انعامات سے بھی نوا زا۔ضلع پولیس لائنز جموں میں ایک تقریب کے دوران پولیس سر براہ دلباغ سنگھ نے کہا کہ ہمارا ہمسایہ ملک جموں و کشمیر میں امن و مان کی صورتحال کو خراب کر نے کیلئے اپنی ناپاک کو ششوں میں مصروف عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیرپولیس اور دیگر سیکورٹی اداروں کی مجموعی کوششوں اور سوجھ بوجھ سے ہی ضلع سانبہ میں سرنگ کا پتہ لگا لیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ ایسے مذموم اور ناپاک عزائم کو بار بار اور ہر بار ناکام بنایا جائے گا۔اس دوران دلباغ سنگھ نے افسران سے حفاظتی سامان اور ضرورتوں کے حوالے سے رپورٹ مانگی اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ پولیس کی ان ضرورتوں کو فوری طور پر حل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جو حفاظتی سامان کشمیر میں پولیس کو فراہم کیا گیا ہے وہ جموں میں بھی پولیس کو فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ اعلیٰ درجے کے حفاظتی جیکٹ اور ہیلمٹ پولیس کو فراہم کئے جائیں تاکہ ملٹنسی مخالف آپریشنوں کے دوران پولیس کی صلاحیتوں میں اضافہ کے ساتھ ساتھ حفاظت بھی یقینی بن جائے۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ اعلیٰ درجے کی بلٹ پروف گاڑیاں بھی فراہم کی جائیں گی جس سے عسکریت پسندمخالف آپریشنوں میںپولیس کی صلاحیتوں میں اضافہ ہو گا۔تقریب میں آئی جی پی جموں مکیش سنگھ،ڈی آئی جی جموں سانبہ کٹھوعہ رینج وویک گُپتا، ایس ایس پی جموں دھر پٹیل،سی آر پی ایف 160بٹالین کے کمانڈنٹ کے ڈی جو شی اور ضلع جموں کے دیگر افسران نے شر کت کی۔