تازہ ترین

ریل سے آنے والے مسافروں کا ٹیسٹ کیا جائے | چیف سیکریٹری نے کووِڈ ۔19وَبا کی روکتھام کیلئے اِنتظامات کا جائزہ لیا

تاریخ    24 نومبر 2020 (00 : 01 AM)   


نیوز ڈیسک
جموں//چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے کووِڈ 19وَباکی روکتھام اور جاری کوششوں کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں فائنانشل کمشنر صحت و طبی تعلیم ،صوبائی کمشنر جموں، اودھمپور، ریاسی ، سانبہ اور کٹھوعہ کے ضلع ترقیاتی کمشنران اور نیشنل صحت مشن ( این ایچ ایم ) کے مشن ڈائریکٹر نے شرکت کی۔ریلوے کی سہولیات متوقع طور دوبارہ شروع ہونے کے پیش نظر تمام باہر سے آنے والے مسافروں کا ریپڈ انٹی جن ٹیسٹ کرنے کے اِنتظامات کا دوران میٹنگ جائزہ لیا اور کٹھوعہ ، سانبہ، جموں ، ادھمپور اور کٹرا ریلوے سٹیشنوں پر ٹیسٹنگ کی صلاحیت کو بڑھانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔چیف سیکرٹری نے تمام مسافروں کی ٹیسٹنگ کیلئے ریلوے سٹیشنوں پر اَفرادی قوت کی ضروریات کا بھی جائزہ لیا اور مختلف کووِڈ احتیاطی تدابیر اور پالیسیو ں کیلئے مدد کی فراہمی پر بھی غور وخوض ہوا ۔ ریلوے سٹیشنوں پر ٹیسٹ کے بعد کووِڈ مثبت علامت رکھنے والے مریضوں کیلئے طبی اِمداد کی فراہمی ،غیر علامتی مثبت معاملات کو آکسیومیٹر فراہم کرنے کے بعد گھروں میں ہی علاحدہ رہنے اور آروگیہ سیتو ایپ پر ان کا اندراج کرنے کے معاملا ت پر غور و خوض ہوا۔چیف سیکرٹری نے اِس موقعہ پر کہا کہ کووِڈ ویکسین عنقریب دستیاب ہونے کی توقع ہے اور مختلف عمل آوری ایجنسیوں بشمول ضلع انتظامیہ ،پولیس بلدیاتی اداروں ، پنچایت راج اداروں اور محکمہ صحت کے مابین قریبی تال میل قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔