تازہ ترین

وادی میں برفباری اور بارشیں

گلمرگ،سونہ مرگ،پہلگام،شوپیان،بارہ مولہ،کپوارہ اورگریز میں سفید چادر بچھ گئی

تاریخ    24 نومبر 2020 (00 : 01 AM)   


اشفاق سعید
سرینگر// محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق جموں کشمیر میں سوموار کو بارش اور برفباری کا سلسلہ شروع ہوا ۔ مرکز کے زیر انتظام علاقے کے بالائی علاقوں میں گذشتہ شب سے بھاری سے درمیانہ درجہ کی برفباری جبکہ میدانی علاقوں ،بشمول شہر سرینگر میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ بادل برسنے کا سلسلہ بدھ تک جاری رہنا متوقع ہے۔گریز وادی میں گذشتہ شام دیر گئے برفباری شروع ہوئی جس سے چاروں طرف برف کی سفید چادر بچھ گئی۔حکام نے کہا کہ وادی گریز میں کم و بیش پانچ انچ برف جمع ہوئی ہے۔بارہ ہزار فٹ بلندی پر واقع رازدان ٹاپ پر 12انچ برف جمع ہوئی ہے۔کنگن سے نمائندے غلام نبی رینہ کے مطابق سیاحتی مقام سونہ مرگ، زوجیلا، کرگل، دراس، پانداس،مٹاین، منی مرگ، گومری، گگن گیر، کلن، گنڈ، کنگن، اور اس کے مضافات میں اتوار اور سوموار کی درمیانی رات کو تازہ برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا جو سوموار کے روز بھی وقفے وقفے سے جاری رہا ۔اطلاعات کے مطابق شام پانچ بجے تک سونہ مرگ میں 6انچ ، زوجیلا7انچ، گگن گیر، 3انچ گنڈ2۔ 5انچ، منی مرگ 6انچ، کرگل 2انچ، دراس 3انچ, گومری 5انچ، کنگن1انچ، برف ریکارڈ کی گئی ہے۔ بارہمولہ سے فیاض بخاری نے بتایا کہ ضلع بھر میں بارشوں کے ساتھ ساتھ ہلکی برف باری ہوئی ہے جو شام دیر گئے تک جاری تھی ۔
برف باری کے سبب کئی ایک علاقوں میں معمولات زندگی متاثر ہو کر رہ گئیں ۔نمائندے مطابق ضلع کے حاجی بل علاقے میں پونے دو فٹ برف شام دیر گئے تک جمع ہو گئی تھی ۔ٹنگمرگ سے نمائندے مشتاق الحسن کے مطابق سیاحتیگلمرگ میں قریب ایک فٹ ، بابا ریشی میں 8 اِنچ جبکہ ٹنگمرگ کے گرد نواح میں 5  اِنچ برف ریکارڈ کی گئی ۔ گلمرگ میں رواں ماہ کے دوران کل تیسری بار برف باری ہوئی، جس سے وہاں قریب اڑھائی فٹ برف جمع ہوگئی ہے جبکہ افروٹ پہاڑی پر چار فٹ کے قریب برف جمع ہے ۔ادھر سوموار کو قریب دو سو بیرون ریاست کے سیاحوں نے ٹنگمرگ اور گلمرگ میں ہوری تازہ برفباری کا لطف اٹھایا۔برفباری کے باوجود دن بھر ٹریفک کی نقل و حمل جاری رہی۔ادھر ٹنگمرگ میں میکینکل انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ نے برف ہٹانے کی مشینوں کو تیاری کی حالات میں رکھا ہے ۔آخری اطلاعات ملنے تک برف باری کا سلسلہ جاری تھا ۔ادھر جنوبی کشمیرکے اننت ناگ اور شوپیان اضلاع کے بالائی علاقہ جات سے ہلکی برف باری کی اطلاع ملی ہے جبکہ میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں دن بھر جاری رہیں۔پہلگام کے بالائی علاقوں ،امرناتھ گپھا،پنجترنی،مہاگنس ٹاپ،پسو ٹاپ،شیش ناگ، میں بھی برف باری ہوئی ہے جبکہ میدانی علاقوں میں بارشیں ہو رہی تھیں ۔
شوپیاں سے نمائندے شاہد ٹاک کے مطابق ضلع کے بالائی علاقوں جن میں ہیر پورہ ، چھوٹیپورہ ، پارپاون ، سدو میں 9انچ برف جمع ہوئی ہے جبکہ قصبہ سمیت دیگر میدانی علاقوں میں 4انچ برف سوموار کو شام دیر گئے تک جمع ہوئی تھی ۔تازہ برف باری کے نتیجے میں مغل روڑ کو ایک بار پھر احتیاطی طور پر گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند کر دیا گیا ہے اور پیر کی گلی سمیت شاہرہ کے دیگر علاقوں میں تازہ 3فٹ برف جمع ہوئی ہے ۔ادھرسرحدی قصبہ اوڑی کے چھو لاں ،زمبور پٹن ،کلسا،نامبلہ ،گھر کوٹ ،چوٹالی ،ددرن ،میدانن ،لچھی پورہ ،مائین ،براری پورہ ،ترکانجن اور ملحقہ علاقوں میں تازہ برفباری ہوئی۔کپوارہ سے اشرف چراغ نے اطلاع دی ہے کہ صبح سے ضلع کے بالائی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ شروع ہوا جو شام دیر گئے تک جاری تھا جبکہ میدانی علاقوں میں پہلے بارشیں اس کے بعد برف باری ہوئی۔ اشرف چراغ کے مطابق ضلع کے میدانی علاقوں میں 4سے5انچ جبکہ مژھل کی زیڈ گلی پر ڈیڑھ فٹ ، پھرکیاں 2فٹ اور نستہ چھن گلی پر بھی 2 فٹ برف جمع ہے اور آخری اطلاعات ملنے تک ان علاقوں میں برف باری کا سلسلہ جاری تھا ۔