تازہ ترین

امریکی کمپنی نے اپنی تیار کردہ ویکسین کی قیمت کا اعلان کردیا

تاریخ    24 نومبر 2020 (00 : 01 AM)   


فرینکفرٹ//امریکی کمپنی موڈرینا نے دیگر ممالک کو فروخت کرنے کے لیے اپنی ویکسین کی فی خوراک  قیمت کا اعلان کردیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حال ہی میں اپنی ویکسین کے 94.5 فیصد کام یابی کا اعلان کرنے والی امریکی کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ حکومتوں کی جانب سے خریداری پر فی خوراک کی قیمت 25 سے 37 امریکی ڈالر ہوگی۔کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو اسٹیفن بینسل کا کہنا ہے کہ ویکسین کی ایک خوراک کی قیمت کا انحصار خریداری کی مقدار پر بھی ہوگا۔ اس لیے ہماری ویکسین پر زکام کی ویکسین جتنی لاگت ہی آئے گی جو کہ فی کس 10 سے 50 امریکی ڈالر بنتی ہے۔خبر رساں ادارے کے مطابق پیر کو یورپی کمیشن نے موڈرینا سے لاکھوں ویکسین خریدنے کے لیے بات چیت کا آغاز کردیا ہے۔ کمیشن فی خوراک 25 ڈالر میں خریدنے کے لیے کوشاں ہے۔ اس سلسلے میں کمپنی سے رابطہ کرنے والے یورپی کمیشن کے اہل کار کا کہنا ہے کہ ابھی اس حوالے سے باقاعدہ سودا نہیں ہوا تاہم چند دنوں میں خریداری کا معاہدہ ہونے کا امکان ہے۔