تازہ برفباری کے باعث سرینگر۔لداخ شاہراہ اور بانڈی پورہ۔گریز روڑ بند

تاریخ    23 نومبر 2020 (48 : 10 AM)   


نیوز ڈیسک
سرینگر//حکام نے پیر کو بتایا کہ تازہ برفباری کے بعد سرینگر ۔لداخ شاہراہ اوربانڈی پورہ۔گریز روڑ کو ایک بار پھر سے گاڑیوں کی آمد و رفت کیلئے بند کیا گیا ہے۔
گریز وادی میں گذشتہ شام دیر گئے برفباری شروع ہوگئی جس سے چاروں طرف برف کی سفید چادر بچھ گئی۔ایس ڈی ایم گریز کے مطابق بانڈی پورہ۔گریز روڑ کو برفباری کی وجہ سے بند کردیا گیا ہے۔
حکام نے کہا کہ وادی گریز میں میں کم و بیش پانچ انچ برف جمع ہوئی ہے۔بارہ ہزار فٹ بلندی پر واقع رازدان ٹاپ پر 12انچ برف جمع ہوئی ہے۔
ادھرمحکمہ موسمیات کی پیشنگوئی کے عین مطابق سونہ مرگ، گنڈ، گگن گیر، زوجیلا، منی مرگ، گومری،مٹاین،دراس، میں اتوار اور سوموار کی درمیانی رات کو تازہ برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا جس کی وجہ سے ایک مرتبہ پھر 434کلو میٹر سرینگر ۔لداخ شاہراہ کو احتیاطی طور پر آمدورفت کے لئے بند کردیا گیا ہے۔
 تازہ برفباری کی وجہ سے کلن گنڈ اور گگن گیر میں سڑک پر پھسلن پیدا ہوگئی ہے جس کی وجہ سے دراس اور سونہ مرگ میں سیکڑوں گاڑیاں درماندہ ہوئی ہیں۔
وادی کشمیر کے دیگر بالائی علاقوں سے بھی برفباری کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جبکہ میدانی علاقوں بشمول سرینگر میں گذشتہ رات سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
 

تازہ ترین