خانقاہِ معلی میںمجلس آراستہ | غوث العظم ؒکی تعلیمات ہمارے لئے | مشعل راہ:مولانا ہمدانی

تاریخ    23 نومبر 2020 (00 : 12 AM)   


نیوز ڈیسک
سرینگر//غوث العظم پیر دستگیر صاحبؒ کے عرس مبارک کی جاری تقریبات کے سلسلے میں کل خانقاہِ معلی سرینگر میں ایک پُروقار تقریب کا انعقاد ہوا۔ نمازِ ظہر کے بعد خانقاہِ معلی میں خطمات المعظمات اور اوراد خوانی مجلس آراستہ ہوئی ۔ نمازِ ظہر سے قبل مولانا ریاض احمد ہمدانی نے کہا کہ شاہ جیلانؒ نے اسلام کی جو آبیاری تبلیغ واشاعت اور اُن کے تاریخی اسلامی کارنامے ، روحانی اور علمی کمالات عالم اسلام کی تاریخ میں ایک سنہری باب ہے اور اُن کی تعلیم قرآن وحدیث پر مبنی اور ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ مولانا نے کہا کہ جناب سید عبدالقادر جیلانی علم وعمل ، ایمان وآگہی اور ولایت و قطبیت میں اعلیٰ مرتبہ ومقام پر عظمت و جلات کے ساتھ نظر آتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا ،کہ جناب پیر دستگیر صاحبؒ کے دنیا میں کروڑوں عقیدت مند موجود ہیں۔ حقیقی عقیدت کا رنگ اِسی وقت نکھر کر سامنے آئے گا جب آپؒ کے پاکیزہ اصولوں روحانی قدروں ، سنتوں کی پیروی، تقویٰ شعاری اور زہدوورع کی جملہ خوبیوں کو اپنانے کی کوشش کی جائے گی، صحیح علم وادب کو عام کیا جائے ، خدا کے آخری رسولﷺ کی محبت کو فروغ دیا جائے اور اپنے عظیم اسلاف کے قلب وجگر کے اخلاص اور للہیت سے شناسائی حاصل کی جائے۔ اُنہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اِس پیر کامل کی طفیل سے عالم اسلام کی سربلندی ، عالم انسانیت کی بقا ہو۔
 
 
 

پیر کامل ؒنے اسلام و شریعت کے طنابوں کو مضبوط کیا:مولانا قانگو

سرینگر//انجمن حمایت الاسلام کے صدر مولانا خورشید احمد قانونگو نے خانقاہ معلی سرینگر میں بعد معمولات سید الاولیاء حضرت شیخ عبدالقادر جیلانیؒ کے گراں قدر علمی ، روحانی، درس و تدریس، تصنیف و تالیف اور موعظتہ الحسنہ کے گوشوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ حضرت پیرؒ نے اپنے مجددانہ صلاحیتوں سے اسلام و شریعت کے طنابوں کو مضبوطی سے کَس کر خرافات سے تطہیر امر بالمعروف و عن المنکر کے پیغام عمل سے آنے والے عوام الناس کے بے نقوش راہ مرتبہ کرکے بے مثال سبقت حاصل کرلی یہی وجہ ہے آج پورے عالم اسلام میں آنجنابؒ کی خدمات کو اجاگر کئے جاتے ہیں۔ مولانا قانونگو نے کہاکہ حضرت پیرؒ نے اپنے پُراستعداد خلفاء کی جماعت سے اس عظیم مشن کو سینچا کہ دین اسلام کی عظیم خدمت انجام دی اور ان ہی خدمات سے اہل اسلام کے دلوں میں بلحاظ محبت و احترام بس گئے۔
 

تازہ ترین