تازہ ترین

جما لٹہ میں سڑک دھنس جانے سے گاڑیوں کی آمد و رفت متاثر | حادثات پیش آنے کا احتمال ،لوگوں کی فوری مرمت کی اپیل

تاریخ    23 نومبر 2020 (00 : 12 AM)   


ارشاد احمد
سرینگر//نوہٹہ سے بہوری کدل تک دو کلومیٹر لمبی مسافت والی رابطہ سڑک جمالٹہ کے مقام پر بیچ میں دھنس گئی جس کے سبب لوگوں کو عبور و مرور میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔نوہٹہ چوک سے لیکربہوری کدل چوک تک دو کلومیٹر لمبی مسافت والی رابطہ سڑک جمالٹہ کے مقام پر سڑک بیچوں بیچ سے دھنس گئی جس کے نتیجے میں دن بھر کئی مرتبہ ٹریفک جام ہوجاتا ہے مقامی لوگوں کے مطابق 7 روز قبل اچانک سڑک بیچ میں دھنس گئی جو دن گزرنے کے ساتھ ساتھ بہت بڑے گڈھے میں تبدیل ہو گیا جس کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حرکت متاثر ہوکر رہ گئی۔محمد ایوب نامی دوکاندار نے بتایا کہ جمالٹہ کے مقام پر ایک ہفتہ قبل اچانک سڑک بیچ میں سے دھنس گئی جس کے سبب پورے علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔انہوں نے کہاکہ  ایک ہی جگہ سڑک دھنس گئی اورسڑک پر بہت بڑا کھڈا بن گیا جسے بھرنے کے لئے ٹریکٹر میں مٹی لانی پڑی تب جاکے سڑک قابل استعمال بن گئی۔لوگوں نے  مطالبہ کیا ہے کہ اس کھڈے کی مرمت کرکے اسے قابل آمد ورفت بنایا جائے۔