تازہ ترین

پیر دستگیر صاحبؒ کے عرس مبارک سلسلے میں ایام متبرکہ جاری | کویڈگایڈ لائینوں کے تحت بڑی تقاریب جمعہ کو منعقد ہونگی

تاریخ    23 نومبر 2020 (00 : 12 AM)   


نیوز ڈیسک
 سرینگر//حضرت محبوب سبحانی شیخ سید عبدالقادر جیلانی غوث العظم پیر دستگیر صاحبؒ کے سالانہ عرس مبارک کے سلسلے میں ایام متبرکہ جاری ہیں اور 27نومبر جمعہ کو عرس کی بڑی تقریبات منعقد ہورہی ہیں ۔ اسلامی کلینڈر کے مطابق عرس پاک کے سلسلے میں11روزہ ایام متبرکہ یکم ربیع الثانی سے شروع ہوجاتے ہیں جس دوران ہر روز عصر سے مغرب تک پیر دستیگیر صاحب خانیار اور سرائے بالا میں خصوصی مجالس کا انعقاد ہوتا ہے تاہم امسال آستان عالیہ خانیار میںخصوصی تقریبات صبح 9بجے سے دن کے ساڑھے 11بجے تک منعقد ہورہی ہیں۔ حضرت شیخ عبدالقادر جیلانیؒسے منسوب عرس مبارک کی سب سے بڑی تقریب 27نومبر بروز جمعہ کو منعقد کی جارہی ہے۔ اس ضمن میں وقف بورڈ ذرائع نے بتایا ہے کہ کووڈ 19کے چلتے عرس کی تقریبات میں ہیلتھ گائڈ لائنوں اور سرکاری احکامات پر عمل کیا جارہا ہے اور آستانوں کے انتظامیہ کی جانب سے ذائرین سے بار بار تلقین کی جارہی ہے کہ وہ ماسک کا استعمال کرتے ہوئے سماجی دوری کا بھی خیال رکھیں۔ ذرائع نے بتایا کہ زائرین میں سے اگر کوئی بغیر ماسک کے ہوتو اس کو انتظامیہ کی جانب سے مفت ماسک فراہم کی جاتی ہے اس کے علاوہ ذائرین کیلئے سینی ٹائزر بھی دستیاب رکھا گیا ہے۔ ادھر سرینگر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے خصوصی سینی ٹائزر مہم چلائی جارہی ہے۔اس ضمن میں ایس ایم سی نے بتایا کہ آستانوں کی سینی ٹائزر کیلئے خصوصی ٹیموں کو تشکیل دیا گیا ہے جو آستان عالیہ خانیار ، آستان عالیہ سرائے بالا اور آثار شریف صورہ میں ہر وقت دستیاب رہتے ہیں۔