تعمیراتی مواد حاصل کرنے کا غیر قانونی طرز عمل ناقابل قبول | نالہ سندھ سے ریت نکالنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت

تاریخ    23 نومبر 2020 (00 : 12 AM)   


ارشاد احمد
گاندربل// ضلع انتظامیہ گاندربل نے نالہ سندھ سے غیرقانونی طور تعمیراتی مواد نکالنے کے خلاف سخت اقدامات کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔اس سلسلے میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس کی صدرات ضلع ترقیاتی کمشنر شفقت اقبال نے کی ۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کے عہدیداروں پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دینے کے لئے احکامات جاری کئے جو نالہ سندھ اور دیگر ندی نالوں سے تعمیراتی مواد کوغیر قانونی طریقے سے روکنے کیلئے جامع حکمت عملی ترتیب دیں گے۔انہوں نے ایس ایس پی گاندربل سے کہا کہ وہ اس طرح کی تمام مشینری اور گاڑیاں ضبط کریں اور متعلقہ قوانین کے تحت ملزمان کے خلاف باضابطہ قانونی کارروائی انجام دیں جو اس غیر قانونی کام میں ملوث ہونگے۔اس موقع پر ضلع گاندربل کے تمام تحصیلداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ اپنے دائرہ اختیار میں اس غیر قانونی کام کو روکنے کے لئے ضروری اقدامات کریں ۔ ترقیاتی کمشنر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بھی انتظامیہ کو اپنا تعاون دیں۔اجلاس میں ایس ایس پی گاندربل خلیل پوسوال، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گاندربل فاروق احمد بابا،ایگزیکٹو انجینئر ارگیشن اینڈ فلڈ کنٹرول،جیالوجی اینڈ مائننگ کے ضلع آفیسر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز ، تحصیلداران اور دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی۔ 
 

تازہ ترین