تازہ ترین

جموں وکشمیر کے معاملے پر پالیسی واضح ہے

انسداد شدت پسندی کیلئے پاکستان کی کوششوں کے معترف ہیں: چین

تاریخ    22 نومبر 2020 (00 : 01 AM)   


نیوز ڈیسک
سرینگر//جموں کشمیر کے معاملے پر چین کی پالیسی واضح اور صاف ہے کی بات کرتے ہوئے چین کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ انسداد شدت پسندی کیلئے پاکستان کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے ۔ چینی وزارت خارجہ کے بیان پر پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان سی پیک منصوبہ کی حفاظت کرے گا، پاکستان امن اور اس خطے کے استحکام کیلئے کوشاں ہے، بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہا ہے لیکن اس کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے ۔ سی این آئی مانیٹرنگ کے مطابق چین کی وزارت خارجہ نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے کے خلاف سازشیں کرنے والوں کو دوٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ چین عالمی سطح پر انسداد دہشت گردی کیلئے پاکستان کے اقدامات کو سراہتا ہے۔چینی دفتر خارجہ کے ترجمان لی جیان ڑاؤ نے کہا کہ شدت پسندوں کی کمر توڑنے کیلئے چین پاکستان کے ساتھ ہے، سی پیک کو ناکام بنانے کی کوششیں کرنے والوں کو مایوسی ہو گی۔ ترجمان نے کہا کہ چین شدت پسندوں کے خلاف پاکستان کی معاونت کرتا رہے گا، سی پیک منصوبہ کو سبوتاڑ کرنے کی کوششوں کو مل کر ناکام بنائیں گے۔جموں کشمیر کے معاملے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر معاملے کو لیکر چین کی پالیسی پہلے ہی واضح ہے اور اس میں کوئی تبدیلی نہ پہلے آئی ہے اور نہ آگے آئیں گی ۔ ادھر چینی وزارت خارجہ کے بیان پر پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان سی پیک منصوبہ کی حفاظت کرے گا، پاکستان امن اور اس خطے کے استحکام کے لئے کوشاں ہے، بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہا ہے لیکن اس کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہندوستان شدت پسندی کے ذریعے پاکستان اور سی پیک کے منصوبوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔
 

تازہ ترین