تازہ ترین

اونتی پورہ میں جنگجوئوں کے2معاون گرفتار

قابل اعتراض مواد بھی برآمد:پولیس

تاریخ    22 نومبر 2020 (00 : 01 AM)   


سید اعجاز
ترال // اونتی پورہ پولیس نے سنیچر کے روز دعویٰ کیا کہ علاقے میں جنگجومخالف کاررروائی کے دوران جیش محمد جنگجو تنظیم کے 2 اپر گراونڈ ورکروں کی گرفتاری عمل میںلائی ہے جن کے قبضے سے قابل اعتراض مواد برآمد کیا گیا ہے ۔پو لیس نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ انہوں نے جنوبی ضلع پلوامہ میں جیش سے وابستہ جنگجوئوں کے 2 اعانت کاروں کو گرفتار کرلیا۔اپنے بیان میں پولیس نے بتایا کہ یہ گرفتاریاں ترال اور پانپور میں عمل میں لائی گئیں۔پولیس کے مطابق گرفتار شدگان ترال اور پانپور میں جنگجوئوں کو پناہ وغیرہ فراہم کرتے تھے اور ان کیلئے ہتھیار ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچاتے تھے۔گرفتار شدگان کی شناخت بلال احمد چوپان ساکن واگڑ ترال اور مرسلین بشیر شیخ ساکن چھتلم پانپور کے طور ہوئی ہے۔پولیس نے دونوں کی تحویل سے قابل اعتراض مواد بر آمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔اس ضمن میں پولیس تھانہ ترال اور پانپور میں ایف آئی آر نمبرات96/2020اور90/2020کے تحت کیس درج کرکے آگے کی تحقیقات شروع کی گئی ہے۔