تازہ ترین

موسم کے ایک بار پھر کروٹ لینے کاامکان

۔23سے25نومبر تک بالائی علاقوں میں برفباری ہونے کی پیش گوئی

تاریخ    22 نومبر 2020 (00 : 01 AM)   


اشفاق سعید
رینگر//پیرپنچال کے آرپار موسم کے ایک بارپھرکروٹ لینے کاامکان ہے اور23سے25نومبرتک وادی کشمیراورخطہ پیرپنچال کے بالائی علاقوں میں برف باری ہوسکتی ہے جبکہ میدانی علاقوں میں بارشیں ہونے کاامکان ہے۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹرسونم لوٹس نے سنیچروار کو کہا کہ اتوار کی شام تک کشمیروادی،خطہ پیرپنچال اورلداخ میں موسم عمومی طور خشک رہے گاتاہم23نومبر سوموار سے کشمیروادی اورخطہ پیرپنچال میں برف باری کاتازہ سلسلہ شروع ہونے کاامکان ہے جبکہ میدانی علاقوں میں پیرپنچال کے آرپاربارشیں ہوسکتی ہیں ۔سونم لوٹس کے مطابق ہلکی تادرمیانہ درجے کی برف باری اور بارشیں ہونے کے بعد درجہ حرارت میں کمی واقع ہوسکتی ہے اورسردی میں اضافہ ہوگا۔محکمہ موسمیات کے مطابق سوموار کوشروع ہونے والے برف باری کے تازہ سلسلے کے بعد پیرپنچال کو کشمیروادی سے جوڑنے والامغل روڈ اورسرینگر لیہہ شاہراہ آمدورفت کیلئے بند ہوسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہاہے کہ حالیہ برف باری اوربارشوں کے بعدمجموعی طورکشمیر وادی میں رات کے درجہ حرارت میں بہتری درج کی گئی ،تاہم آنے والے دنوں میں درجہ حرارت میں تنزلی کے بعدسردی کی شدت بڑھ جائے گی ۔محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق ، جمعہ اور سنیچر کی درمیانی رات کو شہر سرینگر میں رات کا کم سے کم درجہ حرارت 2.1ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ پہلگام میں منفی3.2اور سیاحتی مقام گلمرگ میں منفی 7.5ڈگری سیلشیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ۔
 

تازہ ترین