تازہ ترین

اخلاقی امراض کا علاج صرف اسلام کے دامن میں ممکن

صدر جمعیت اہلحدیث کامسجد جامع عثمان خانیار میں خطاب

تاریخ    22 نومبر 2020 (00 : 01 AM)   


سرینگر // اخلاقی اور روحانی امراض نے کائنات انسانی کو اپنی لپیٹ میں لیا ہے ہر سو بے راہ روی، بدعنوانی ، عریانیت ،فحاشیت اور انسانی حقوق کی پامالی اپنے عروج پر ہے ان سبھی امراض کا علاج صرف اسلام کے دامن رحمت میں ہے۔ ان باتوں کا اظہار جمعیت اہلحدیث جموں و کشمیر کے صدر مولانا غلام محمد بٹ المدنی نے خانیار میں مسجد جامع عثمان کا افتتاح کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ ان مراکز سے امت کی وحدت اور فکر و عمل کی یکسانیت کا پیغام جانا چاہیے نفرتوں اور کدورتوں کا خاتمہ ہم سب کا مطمع نظر ہو۔انہوں نے ملت و معاشرے اور انسانیت کو درپیش مسائل کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اپنے کو کامل اصلاحی و اسلامی سانچے میں ڈھال کرہی ہم اپنا اصل داعیانہ کردار ادا کرسکتے ہیں جس کے ہم مکلف ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ اسلام عدل و انصاف اور رحمت و رافت کا علمبردار دین ہے۔ اور اسلامیانِ عالم اس بات کے پابند ہیں کہ اُن کے اخلاق و کردارسے اُن کی اسلامیت صاف و شفاف انداز میں جھلکے اور چھلکے ۔