تازہ ترین

سیاحتی سٹیک ہولڈروں کا وفد سیکرٹری سیاحت سے ملاقی | صنعتِ سیاحت کو درپیش مسائل پر تبادلۂ خیال

تاریخ    21 نومبر 2020 (00 : 01 AM)   


نیوز ڈیسک
سرینگر//سیکرٹری سیاحت ، ثقافت اور امورِ کھیل کود سرمد حفیظ نے کہا کہ محکمہ سیاحت کے ذیلی سٹیک ہولڈروں کے مسائل کے ازالے کیلئے تمام اَقدامات کررہا ہے ،حالانکہ جموں و کشمیر میں سیاحت کے شعبے کو کھولنے کے بعد سے ہی مختلف پروموشنل سرگرمیاں شروع کی گئی ہیں۔یہاں سیکرٹری سیاحت نے سیاحتی سٹیک ہولڈروں کے مختلف وفود سے ملاقات کی اور ان سے تبادلہ خیال کرنے کے دوران سیکرٹری سیاحت نے کہا کہ محکمہ ان کو درپیش مشکلات سے باخبرہے اور اس کو کم کرنے کیلئے مختلف سطحوں پر کوششیں کی جارہی ہیں۔سرمد حفیظ نے کہا کہ محکمہ نے سیاحت کے فروغ کے سلسلے میں مختلف پروگراموں کا آغاز کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ آنے والے مہینوں میں اس طرح کی بہت سی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کر رہا ہے ۔ہاؤس بوٹوں کو مقامی ورثے کا آئینہ قرار دیتے ہوئے سیکرٹری سیاحت نے یونٹ ہولڈروں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی اکائیوں کے ورثہ کو برقرار رکھیں۔ اُنہوں نے کہا کہ شعبہ کے اس انوکھے اثاثہ کو فروغ دینے کے لئے محکمہ آنے والے مہینوں میں پروگراموں کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔کشمیر ہاوس بوٹ اونرس ایسوسی ایشن ، نگین ٹورسٹ ٹریڈ ایسوسی ایشن اور سیاحت کی تجارت کے دیگر نمائندوں نے سیکرٹری سے ملاقات کی۔اُنہوں نے انہیں اپنے مشکلات سے آگاہ کیا اور ان کا ازالہ کرنے کیلئے کہا۔اس سے قبل سرمد حفیظ نے محکمہ کے اَفسران کی ایک میٹنگ میں جموں و کشمیر سے باہر محکمہ سیاحت کے دفاتر کے کام کا جائزہ لیا۔ سیکرٹری سیاحت نے ٹورسٹ افسران پر زور دیا کہ وہ ان دفاتر کی نگرانی کرتے ہوئے مقامی ٹور اور ٹریول انڈسٹریز کے ساتھ قریبی رابطے میں رہیںاور وقتاً فوقتاً اپنی مقامی مارکیٹوں میں اُبھرتی ہوئی سفری ترجیحات کے بارے میں محکمہ کو آگاہ کریں۔اِس موقعہ پر ناظم سیاحت کشمیر نثار احمد وانی اور دیگر اعلیٰ اَفسران موجود تھے۔