بی جے پی لیڈران دہلی میں امت شاہ اور جے پی نڈا سے ملاقی

ڈی ڈی سی انتخابات پر تبادلہ خیال، کشمیر میں سیکورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ

تاریخ    6 نومبر 2020 (00 : 01 AM)   


سید امجد شاہ
جموں//جموں و کشمیرکے بی جے پی رہنمائوں کے ایک گروپ نے دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا سے ملاقات کی ، جس دوران مرکزی زیر انتطام علاقہ میں ضلع ترقیاتی کونسل (ڈی ڈی سی) انتخابات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس وفد میں شامل ایک سینئر لیڈر نے بتایا’’کل ہم دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے ساتھ ساتھ بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا سے بھی ملے اور جموں و کشمیر میں ڈی ڈی سی انتخابات پر تبادلہ خیال کیا، ملاقات کے دوران وادی کشمیر میں بی جے پی رہنمائوں کی ہلاکت پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا اور عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی میںجموں و کشمیر پولیس کی تعریف کی‘‘۔انہوں نے بتایاکہ یہ اجلاس 2 گھنٹے تک جاری رہا جس میں مرکزی توجہ ڈی ڈی سی انتخابات پر رہی جبکہ مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اجلاس خاص طور پر جموں و کشمیر میں انتخابات کے بارے میں دہلی میں منعقد کیا گیا۔ بی جے پی کے جنرل سکریٹری اشوک کول نے بتایا’’ہم نے انہیں ا?گاہ کیا ہے کہ کشمیر میں بی جے پی قائدین کو مارا جارہا ہے اور انہیں مناسب حفاظتی کور فراہم کیا جانا چاہئے، ہمیں یقین دلایا گیا ہے کہ انہیں مناسب سیکورٹی فراہم کی جائے گی‘‘۔گذشتہ روز اجلاس میں جموں و کشمیر بی جے پی کے صدر رویندر رینہ ، جنرل سکریٹری اشوک کول ، سابق وزیر سنیل شرما ، سابق ایم ایل سی وبودھ گپتا اور سابق وزیر ڈاکٹر ڈی کے منیال نے شرکت کی۔بی ڈی سی انتخابات کے پیش نظر بی جے پی کے رہنما نے کہا ’’جموں وکشمیر کی سیاسی صورتحال کے حوالے سے پارٹی صدر دفتر میں بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا کے ساتھ یہ ایک اہم ملاقات تھی‘‘۔ذرائع نے بتایا کہ ملاقاتوں کے بعد بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری ترون چوغ کو 6 نومبر 2020 کو دو دن کے دورے پر جموں بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔بی جے پی کے ذرائع نے بتایا’’چوغ ڈی ڈی سی انتخابات کے لئے حکمت عملی تیار کرنے کے لئے جموں کا دورہ کریں گے اور انہیں مجوزہ انتخابات کے پیش نظر مختلف امور پر رائے حاصل کرنے کے لئے جموں کے مختلف علاقوں کے رہنماو?ں سے ملاقات کرناہے‘‘۔اشوک کول نے کہا’’ جنرل سیکریٹری کشمیر نہیں جائیں گے اس لئے کشمیر میں مقیم بی جے پی رہنمائوں کو جموں میں ڈی ڈی سی انتخابات کے اجلاسوں میں شرکت کے لئے کہیں گے ‘‘۔
 

تازہ ترین