محکمہ فوڈ سیفٹی کے شہر میں چھاپے | 648افراد کے خلاف جرمانہ عائد ، کارروائی میں تیزی لانے کا انتباہ

تاریخ    2 نومبر 2020 (30 : 12 AM)   


نمائندہ عظمیٰ
سرینگر //محکمہ فوڈ سیفٹی نے پچھلے کچھ ماہ میں شہر سرینگر کے متعدد علاقوں میں چیکنگ کے دوران ناقص غذا ، ملاوٹ ،اور صفائی ستھرائی پر دھیان نہ دینے والے 648افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی ہے ۔ محکمہ کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گئی۔پچھلے کئی ماہ سے محکمہ کی ٹیموں نے شہر کے مختلف ہوٹلوں ، ریستوران ، ڈھابوں کے علاوہ دکانوں کی صفائی ستھرائی کا معائینہ کیا ،جس دوران غذا کے معیار کی بھی جانچ کی گئی ۔محکمہ کا کہنا ہے کہ ابھی تک فوڈ سیفٹی ایکٹ قانون کے تحت 650افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا چکی ہے ۔محکمہ کے اسٹنٹ کمشنر ہلال احمد میر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ محکمہ کے کمشنر سکریٹری شکیل الرحمان کی سربراہی میں ٹیمیں روزانہ کی بنیادوں پر بازاروں کا دورہ کرتی ہیں اور جہاں کہیں سے بھی انہیں شکایت ملتی ہے ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ کی یہ کوشش ہے کہ لوگوں کو خالص و صاف وشفاف غذا فراہم کرائی جائے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ اگر کسی شہری کو دکانوں پر صفائی ستھرائی یا پھر ہوٹلوں یا ریستوران میں کھانے کی اشیاء کے حوالے سے کوئی بھی شکایت ہو تو وہ معاملہ محکمہ کی نوٹس میں لائیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ کے کمشنر سکریٹری شکیل الرحمان از خود بازاروں کا دورہ کر رہے ہیں، تاکہ لوگوں کو صحت مند غذا فراہم کرائی جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کی یہ اپنی ذمہ داری بھی ہے کہ وہ ہوٹلوں میں غذا کے استعمال کے دوران یہ دیکھیں کہ وہ کیسا کھانا کھا رہے ہیں۔ہلال احمد نے مزید کہا محکمہ فوڈ سیفٹی سرگرم عمل ہے اور لوگوں کو صاف اور معیاری غذا فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام کررہا ہے۔
 
 
 

سرینگر میں2 منشیات فروش گرفتار |  ممنوعہ نشیلی مادہ برآمد،کیس درج تحقیقات شروع 

سرینگر //سرینگر پولیس نے منشیات کے خلاف اپنی کاروائی جاری رکھتے ہوئے2 منشیات فروشوں کو گرفتارکر کے ان کے قبضے سے ممنوعہ نشیلی مادہ برآمد کیا ہے ۔ سرینگر پولیس نے سرینگر علاقے میںپیکس آٹو موبائل کے نزدیک ناکہ چیکنگ کے دوران ایک گاڑی زیر نمبر JK06-4852 کو روک کر تلاشی شروع کی ۔ دوران تلاشی پولیس نے منشیات فروشوں کے قبضے سے 01 کلو300گرام بھنگ برآمد کی۔ پولیس نے دونوں منشیات فروشوں کو گرفتارکر کے پولیس اسٹیشن نو گام منتقل کر دیا ہے ،جہاں پر وہ حراست میں ہیں ۔ پولیس نے اپنے ایک بیان میں منشیات فروشوں کی شناخت عمر ان احمد شاہ اور بلال احمد شاہ ساکنان چندرگری کلگام کے طور کی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن نوگام میں زیر ایف ائی آر نمبر 148/2020کو متعلقہ دفعات کے تحت اندراج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے ۔
 
 
 

کشمیر ہٹ میں پولیس بینڈ شو اورلوک میوزیکل ایونٹ کا انعقاد 

نیوزڈیسک 

سرینگر // جموں وکشمیر پولیس نے کشمیر ہٹ سرینگر میں ’پولیس فلیگ ڈے 2020‘ کی تقریب کے سلسلے میں پولیس بینڈ شو اور لوک میوزیکل ایونٹ کا انعقاد کیا۔اس موقع پر ایس ایس پی سرینگر ڈاکٹر ایم حسیب مغل، ایس پی ہیڈ کوارٹرز ، ایس پی پی سی سرینگر ، اور دیگر اعلی افسران بھی موجود تھے۔تقریب میں بڈگام اور سرینگر کے فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور اپنے دلکش گانوں سے حاضرین کو متحرک کر دیا۔اس تقریب میں ضلع پولیس سرینگر کے فنکاروں نے بھی حصہ لے کر حاضرین کا دل جیت لیا۔ ایس ایس پی سرینگر نے تقریب کے موقعہ پر تمام گلوکاروں اور ان کے میوزیکل بینڈ کی کارکردگی کو سراہا ۔ تقریب کے اختتام پر ایس ایس پی سرینگر نے تقریب کو کامیاب بنانے والے شرکاء کا شکریہ ادا کیا ۔علاقے کے معزز شہریوں اور نوجوانوں نے پولیس کی کاوشوں کو سراتے ہوئے یہ امید ظاہر کی کہ پولیس مستقبل میں بھی انہیں اپنی صلاحیتوں کو ظاہر کرنے کیلئے ایسا ہی پلیٹ فارم مہیا کرے گی۔
 

تازہ ترین