تازہ ترین

سرینگر میں درجہ حرارت 0.8تک گرا

۔4نومبر تک سردی میں مزید اضافے کی پیش گوئی

تاریخ    1 نومبر 2020 (00 : 01 AM)   


اشفاق سعید
سرینگر//کشمیر میں ایک مرتبہ پھر موسم نے کروٹ لی ہے، جس دوران پہاڑی مقامات میں ہلکی بارشوں کے ساتھ معمولی برف باری ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ وادی کشمیر میں 4نومبر تک موسم خشک اور ابر الودرہے گا ، جس کے بعد موسم میں پھر تبدیلی آئے گی۔ سنیچر کو آسمان پر بادل چھائے رہے اور بالائی علاقوں اور پہاڑوں پر ہلکی بارشیں اور برف باری ہوئی ۔ گلمرگ، سونہ مرگ ،سمتھن ٹاپ ، پہلگام اور پہاڑں پر تازہ برفباری سے ایک بار پھر سردی کی لہر میں اضافہ ہوا۔کنگن سے غلام نبی رینہ نے اطلاع دی ہے کہ سونہ مرگ ،گگن گیر، زوجیلا، منی مرگ، گنڈ، کلن اور اسکے مضافاتی علاقوں کے اونچی پہاڑیوںپر تازہ برفباری ہوئی ۔اس دوران شوپیان ،سنٹھن ٹاپ اور پہلگام کے بالائی علاقوں میں بھی ہلکی بارشیں اور برف باری ہوئی ہے ۔تازہ موسم کی تبدیلی کے نتیجے میں پوری وادی میں صبح اور شام کے اوقات کے دوران جاری سردی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔محکمہ موسمیات کے ترجمان کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میںرات اور دن کے درجہ حرارت میں بھی گراوٹ آئے گی ۔ترجمان کے مطابق جمعہ اور سنیچر کی درمیانی رات شہر سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت 0.8ڈگری درج کیا گیا ہے جبکہ پہلگام میں 2.2 ، کپوارہ میں منفی 0.3ڈگری اور گلمرگ میں 1.0ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ۔محکمہ کے مطابق وادی کشمیر میں 4نومبر تک موسم خشک اور ابرالودرہے گا ۔