تازہ ترین

’مقامی نوجوان بندوق چھوڑ دیں‘

نقصان نہیں ہوگا، ہر ممکن مدد کی جائیگی :پولیس سربراہ

تاریخ    1 نومبر 2020 (00 : 01 AM)   


یو این آئی
سرینگر// جموں و کشمیر پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے جنگجویت کا راستہ اختیار کرنے والے مقامی نوجوانوں سے قومی دھارے میں واپس لوٹنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے جن بچوں نے غلط راستہ اختیار کیا ہے اگر وہ واپس آئیں گے تو انہیں کسی طرح کا کوئی نقصان نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ان بچوں کی ہر طریقے سے مدد کی جائے گی۔موصوف نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کی صبح سرینگر کے مضافاتی علاقہ زیون میں 'راشٹریہ ایکتا دیوس' کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب کے حاشیے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کیا۔پولیس سربراہ نے تصادم آرائیوں کے دوران سرنڈر کرنے کے بارے میں کہا: 'گذشتہ دو چار تصادم آرائیوں کے دوران سیکورٹی فورسز کی طرف سے سرنڈر کرنے کی اپیلوں کو جنگجوؤں نے تسلیم کیا ،یہ ایک اچھی بات ہے'۔ان کا کہنا تھا: 'ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے بچے جو غلط راستے پر چل پڑے ہیں، وہ واپس لوٹیں، ابھی بھی وقت ہے کسی طرح سے ان کا کوئی نقصان نہیں ہوگا، ان کی ہر طرح سے مدد کی جائے گی'۔کولگام میں بی جے پی کے تین کارکنوں کی ہلاکت کے واقعے کی تحقیقات کے بارے میں پوچھے جانے پرسنگھ نے کہا: 'کولگام تحقیقات صحیح سمت میں چل رہی ہے، جن جنگجوؤں نے یہ کارروائی انجام دی تھی ان کی پہچان ہوئی ہے'۔'راشٹریہ ایکتا دیوس' کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ دیوس ملک بھر میں ملک کے پہلے نائب وزیر اعظم سردار ولبھ بھائی پٹیل کے جنم دن پر منایا جاتا ہے جن کا ملک کی بکھری ہوئی ریاستوں کو جوڑنے اور ملک کی تحریک آزادی میں بہت بڑا رول ہے۔موصوف نے کہا کہ ملک کی ایکتا کو مضبوط کرنا صرف وردی پوش لوگوں کی نہیں بلکہ سماج کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔