تازہ ترین

زیون میں سب سے بڑی تقریب منعقد

دلباغ سنگھ نے پریڈ پر سلامی لی

تاریخ    1 نومبر 2020 (00 : 01 AM)   


سرینگر// جموں و کشمیر پولیس کی طرف سے کل  قومی یوم یکجہتی  (راشٹریہ ایکتا دیوس)منایا گیا جس دوران زیون کے آرمڈ پولیس ہیڈ کواٹر پر سب سے بڑی تقریب منعقد ہوئی ۔تقریب پر ڈائریکٹر جنرل آف پولیس دلباغ سنگھ مہمان خصوصی تھے اور انہوں نے پریڈ پر سلامی لی ۔اس موقعہ پر اے ڈی جی پی آرمڈ اے کے چودھری نے پولیس افسران اور اہلکاروں، سی اے پی ایف ،فارسٹ پروٹیکشن فورس ، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے جوانوں سے حلف لیا۔تقریب کے دوران پولیس ، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز ، فارسٹ پروٹیکشن فورس اور سی اے پی ایف کے دستوں نے رنگا رنگ مارچ پاسٹ میں حصہ لیا۔اس موقعہ پرکمانڈنٹ جنرل ہوم گارڈز اور یو ٹی ڈی آر ایف اور ڈی جی فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز بی سرینواس ، اے ڈی جی ایس پی اے کے چودھری ، ایس جے ایم گیلانی ، اے جی میر ، آئی جی ایس پی ایم کے سنہا ، وجئے کمار اور ڈائریکٹر اے سی بی آنند جین ، سی اے پی ایف کے افسران کے علاوہ مختلف یونٹوں کے کمانڈنٹ اور دیگر اعلی پولیس افسران موجود تھے۔تقریب کے حاشیہ میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے ڈی جی پی دلباغ سنگھ نے کہا کہ یہ دن ملک بھر میں مرد آہن اورملک کے پہلے وزیر داخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کی یوم پیدائش پرمنایا جاتا ہے جنہوں نے ملک کی جدوجہد آزادی، ملک میں500 سے زیادہ سلطنتوں کو ملک میں ضم کیا ۔ڈی جی پی نے کہا کہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کی بڑی شراکت کی یاد میں راشٹریہ ایکتا دیوس منایا جاتا ہے جس میں ہم اندرونی سلامتی ، سالمیت اور ملک کی خودمختاری کا عہد لیتے ہیں۔اس دوران دادی کے دیگر اضلاع میں بھی پولیس کی طرف سے اس طرح کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا ۔