تازہ ترین

لاک ڈاون میں نرمی | سونہ مرگ اور دیگر سیاحتی مقامات پرسیاحوں کی آمد شروع

تاریخ    31 اکتوبر 2020 (00 : 01 AM)   


غلام بنی رینہ
کنگن//8ماہ بعد سیاحتی مقام سونہ مرگ میں سیاحوں کی آمدورفت معمول کے مطابق شروع ہو گئی ہے ۔ عالمگیر وباء کورونا وائرس شروع ہونے کے بعد کشمیر کے سیاحتی مقامات پرویرانی چھائی ہوئی تھی اور امسال کورونا وائرس کے چلتے سیاحتی شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کے علاوہ محکمہ سیاحت کو کروڑوں روپے کے نقصان سے دو چار ہونا پڑا۔ لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعدگذشتہ تین ہفتوں سے گلمرگ،پہلگام، اور سونہ مرگ میں ہر روز 100 کے قریب سیاحوں کی آمدہوتی ہے جس کی وجہ سے سیاحتی شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد میں ایک اُمید جا گئی ہے کہ اب آہستہ آہستہ سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہو گا ۔ سونہ مرگ کے زیرو پوائنٹ زوجیلا پر تازہ برفباری کا ان دنوں سیاح لطف اٹھارہے ہیں ۔محکمہ سیاحت کے ناظم کشمیر نثار احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ہر روز 100سیاح کشمیر کی طرف آرہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ کی یہ کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو کشمیر لایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ابھی بھی سیاح کورونا کی وجہ سے پوری طرح کشمیر کا رخ نہیں کر رہے ہیں اگر حالات بہتر ہوئے تو سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ جنوری کے مہینے سے محکمہ سیاحت ملک کی مختلف ریاستوں میں روڈ شوز کا اہتمام کررہا ہے تاکہ سیاحوں کو وادی کشمیر کی طرف راغب کیا جائے۔