تازہ ترین

انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے ہفتہ وحدت کا آغاز

امام بارگاہ گلشن باغ بٹہ کدل میں پر و قار محفل میلاد کا انعقاد

تاریخ    31 اکتوبر 2020 (00 : 01 AM)   


سرینگر//انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے ہفتہ وحدت بمناسبت عید میلاد النبیؐ کی تقریبات کا آغاز ہوا۔ سیرتی محافل و مجالس کا یہ سلسلہ 17 ربیع الاول تک جاری رہے گا۔ اس سلسلے میں امام بارگاہ گلشن باغ بٹہ کدل میں حسب عمل قدیم ایک پروقار محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا جس میں انجمن شرعی شیعیان کے شعبہ تعلیم جامعہ باب العلم سے منسلک دینی مکاتب کے طلباء و طالبات کے علاوہ عاشقان رسولؐ کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔اس موقعہ پرمولانا مولوی خورشید احمد قانون قانونگو (صدر انجمن حمایت الاسلام)، سید محمد صفوی ، انجمن شرعی شیعیان کے صدرآغا سید حسن نے خاتم النبیین حضور سرور کائناتؐ کے یوم ولادت کی فضیلت اور آپؐ کی سیرت و عظمت کے کئی گوشوں کی وضاحت کی۔ نبی اکرمؐ کی سیرت کاملہ کو دنیائے بشریت کیلئے نجات ابدی اور امن ، انصاف اور انسانیت کا دستور العمل قرار دیتے ہوئے آغا حسن نے کہا کہ بحیثیت انسان کامل نبی اکرمؐ کی ذات مقدسہ اپنے انسانیت اور حیات ساز اوصاف حمیدہ کے تناظر میں بلا لحاظ مذہب و ملت تمام قوموں کیلئے باعث فرحت و رحمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام دشمن قوتوں نے ہمیشہ دین اسلام کی حقانیت اور پیغمبر اسلامؐ کی عظمت سے خائف ہوکر توہین رسالت ؐکے حربے بروئے کار لائے اور آج بھی ایک منصوبہ بند عالمی سازش کے تحت توہین رسالت کے مذموم واقعات کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے تاکہ مسلمان مشتعل ہوکر انتہائی اقدامات کی طرف راغب ہوجائیں۔آغا حسن نے کہا کہ توہین رسالت ؐکے ان بڑھتے سانحات کے سدباب کیلئے دنیائے اسلام کے تمام اکابرین اور اسلامی ممالک کی حکومتوں کو ایک موثر لایحہ عمل مرتب کرنا چاہیے۔ فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی بار بار اشاعت اور فرانسیسی صدر کے گستاخانہ بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے آغا سید حسن نے کہا کہ یہ حرکات مسلمانوں کو بھڑکانے کی ایک دانستہ کوشش اور احترام بین المذاہب کے عالمی اصولوں کی سراسر خلاف ورزی ہے۔