تازہ ترین

شہر کے کئی علاقوں میں میلاد کے جلوس برآمد

تاریخ    31 اکتوبر 2020 (00 : 01 AM)   
(File Photo)

نیوز ڈیسک
سرینگر// عید میلاد النبی ؐ کے موقعہ پر شہر کے کئی علاقوں میں کل جلوس برآمد کئے گئے جس دوران جلوس میں شامل شرکاء نے اسلام کے حق میں نعرے بلند کئے ۔نماز جمعہ سے قبل اور نماز جمعہ کے بعد کئی مقامات پر مساجد اور درسگاہوں کی جانب سے جلوس برآمد کئے گئے،جس میں لوگوں نے جسمانی دوری بناتے ہوئے نعرے بلند کئے۔ سونہ وار علاقے میں جمعہ کو نماز جمعہ سے قبل ہی میلاد کی مناسبت سے جلوس برآمد کیا گیا،جس میں رنگ برنگی پوشاک میں چھوٹے بچوں کے علاوہ دیگر لوگوں نے بھی شرکت کی۔جلوس میں شامل شرکا’’ احمد کی آمد مرحبا،سرکار کی آمد مرحبا‘‘ کے نعرے بلند کر رہے تھے۔یہ جلوس اقبال کالونی،بنم سر اور اندرانگر کے چکر لگاتے ہوئے سونہ وار میں ہی اختتام پذیر ہوا۔ جلوس میں کچھ لوگ گاڑیوں میں بھی تھے جبکہ نوجوان موٹر سائیکلوںپر بھی سوار تھے،جن پر انہوں نے اسلامی پرچم بھی نصب کئے تھے۔اس دوران شہر خاص میں بھی کئی ایک مقامات پر جلوس برآمد ہوئے۔ مدرسہ سلطانیہ سونہ مسجد فتح کدل کی جانب سے ایک جلوس برآمد ہوا۔یہ جلوس اسلام کے حق میں نعرے بلند کرتے ہوئے کلاش پورہ، فتح کدل،زینہ کدل،مہاراج بازار سے گزرا اور خانقاہ معلی میں اختتام پذیر ہوا۔ شہر کے دیگر علاقوں سے بھی اسی طرح کے میلاد جلوس برآمدہونے کی اطلاعات موصول ہوئی،جس کیلئے مقامی لوگوں نے گرم مشروبات کا بھی انتظام کیا تھا۔