تازہ ترین

لیفٹنٹ گورنر کا سرما کیلئے تیاریوں اور مختلف محکموں کے انتظامات کا جائزہ

افسران کو فعال رہنے اور جامع اقدامات اٹھانے کی ہدایات

تاریخ    31 اکتوبر 2020 (00 : 01 AM)   


نیوز ڈیسک
سرینگر //لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے راج بھون میں منعقدہ میٹنگ میں مختلف محکموں کی جانب سے جاری سرما کیلئے تیاریوں اور لاجسٹک انتظامات کا جائیزہ لیا ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے متعلقہ افسروں کو متحرک ہو کر لوگوں کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے کہا، بالخصوص دور دراز اور برفانی علاقوں میں رہنے والوں کی ضروریات کا خاص خیال رکھنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے افسران کو عام لوگوں کی مشکلات کو کم کرنے کیلئے جامع اقدامات اٹھانے کی ہدایت دی اور بلا رکاوٹ پانی اور بجلی کی ترسیل یقینی بنانے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ان دو ضروری خدمات کی بر وقت بحالی یقینی بنانے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے لوگوں کیلئے بالن ، راشن ، ادویات اور دیگر بنیادی ضروریات اور اشیائے ضروریہ بہم رکھنے کی بھی انتظامی افسروں کو ہدایت دی ۔ دورانِ میٹنگ بالن ، ایندھن ، غذائی اجناس اور ادویات کا معقول ذخیرہ بالخصوص دور دراز اور مشکل گذار علاقوں میں ، کرنے کی ہدایت دی ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے محکمہ بجلی کو ضلع صدر مقامات پر بجلی ٹرانسفارمروں کا اضافی سٹاک بہم رکھنے کیلئے کہا اور ساتھ موجودہ ٹرانسفارمروں ، ترسیلی لائینوں ، بجلی کے ساز و سامان ، ٹرانسفارمروں کی مرمت کی ورکشاپوں ، ٹرانسفارمروں کی بروقت مرمت اور اُن کو تبدیل کرنے کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ۔ ضلع ترقیاتی کمشنران کی تجاویز کے تحت لفٹینٹ گورنر نے 24 گھنٹے شہری اور 48 گھنٹے دیہی علاقوں میں بجلی کے ٹرانسفارمروں کے متبادل کی تنصیب کا وقت مقرر کیا ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے بجلی کی ترسیل اور تقسیم کاری ، چینلوں کے کام کاج کی نگرانی کی بھی ہدایت دی تا کہ سخت سردی کے دوران صارفین کو بلا رکاوٹ بجلی فراہم کی جا سکے ۔ محکمہ جل شکتی کی تیاریوں کا جائیزہ لینے کے دوران لیفٹیننٹ گورنر نے پانی کی ترسیل اور مرمت کے مسائل کے ازالہ کیلئے شہری علاقوں میں اُسی دن اور دیہی علاقوں میں اگلے روز مسئلے کے ازالہ کیلئے وقت معین کیا ۔ ٹریفک کے بلا رکاوٹ نقل و حمل کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے برف ہٹانے کی مشینوں اور ساز و سامان کی تنصیب میں باقاعدگی لانے کی ہدایت دی تا کہ بڑی اور اندرونی سڑکوں سے بروقت برف ہٹائی جا سکے ۔ انہوں نے قومی شاہراہ پر درماندہ مسافروں کیلئے پیشگی انتظامات کرنے پر بھی زور دیا ۔ اس کے علاوہ قومی شاہراہ پر غیر ضروری اور بے قاعدہ نقل و حمل پر روک لگانے کی بھی ہدایت دی تا کہ قومی شاہراہ گاڑیوں کے نقل و حمل میں کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے ۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو موسم سے متعلق ایڈوائیزریز بروقت مشتہر کرنے کیلئے کہا اور ہنگامی صورتحال کیلئے ہر ممکن سہولت دستیاب رکھنے پر زور دیا ۔ انہوں نے ہر ضلع صدر مقام پر کنٹرول روم قائم کرنے کی بھی ہدایت دی اور ڈپٹی کمشنروں کو بجلی ، پانی ، اشیائے ضروریہ ، صحت خدمات ، سڑک رابطہ اور ہنگامی انخلاء یا بچاؤ سے متعلق مسائل کی نگرانی اور بروقت ازالے کی ہدایت دی ۔