تازہ ترین

وزیراعظم کا 2 روزہ گجرات دورہ

ملک کی پہلی ’سی پلین سروس ‘کا افتتاح کریں گے

تاریخ    31 اکتوبر 2020 (00 : 01 AM)   


گاندھی نگر//وزیر اعظم نریندر مودی آج سے اپنی آبائی ریاست گجرات کے دو روزہ دورہ پر ہوں گے اور اس دوران وہ متعدد منصوبوں کے ساتھ ملک کی پہلی ‘سی پلین سروس’کابھی افتتاح کریں گے ۔کل یعنی 31 اکتوبر کو سردار ولبھ بھائی پٹیل کی 145 ویں یوم پیدائش کے موقع پر وہ ضلع نرمدا کے کیوڈیا میں دنیا کی سب سے بلند مجسمہ ‘اسٹیچیو آف یونٹی’ پر گلپوشی کریں گے ۔سرکاری اطلاعات کے مطابق وہ آج سہ پہر کے آخر میں وسطی گجرات کے ضلع نرمدا کے کیوڈیا پہنچیں گے اور مختلف ترقیاتی کاموں کے 17 پروجیکٹوں کا افتتاح جبکہ چار کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ اس موقع پر گورنر آچاریہ دیوورت اور وزیر اعلی وجے روپانی بھی موجود ہوں گے ۔سال 2019 کے دوران یہ 17 پروجیکٹ ریکارڈ وقت میں مکمل ہوئے ہیں۔ دوسال قبل 31 اکتوبر 2018 کو ‘اسٹیچیو آف یونٹی’ قوم کو وقف کرنے کے بعد وزیر اعظم نے کیوڈیا کو عالمی سطح کا ایک سیاحتی مقام کی شکل میں مربوط ترقی کے لئے الگ الگ تھیم پر مبنی پروجیکٹ شروع کرنے کا مشورہ دیا تھا ۔وزیر اعظم اسٹیچیو آف یونٹی کے قریب بنائی گئی جیٹی سے ‘شریشٹھ بھارت بھون’ واقع جیٹی تک 40 منٹ کی رائیڈنگ میں بیٹھنے سے قبل نو دیگر پروجیکٹوں کا بھی افتتاح کریں گے ۔ ان میں جیٹی اور بوٹنگ (ایکتا کروز) نیویگیشن چینل، جیا گورا برج، گروڑیشور ویئر،ایکتا نرسری، کھلوانی ایکو ٹورزم،سرکاری کالونیاں ،بس ٹرمنس اورہوم اسٹے شامل ہیں۔ کیوڈیا پہنچنے کے بعد وزیر اعظم جنگل سفاری ، ہینڈ لوم اور دستکاری ، ایکتا مال ، تنوع میں اتحاد کی علامت سمیت تکنیک پر مبنی دنیا کا پہلا چلڈرن نیو ٹریشن پارک ،ملک کا سب سے پہلا یونٹی گلو گارڈن اورکیکٹس گارڈن کا بھی افتتاح کریں گے ۔وزیر اعظم اسٹیچیو آف یونٹی ایریا ڈیولپمنٹ اینڈ ٹورزم گورننس اتھارٹی کے ایڈمنسٹریٹیو بلڈنگ،سرکاری کالونیوں ، ایس آر پی کوارٹرز اور کیوڈیا کے آس پاس کے پانچ گاؤں کے متاثرین کی باز آباد کاری کیلئے بھی تمام بنیادی سہولیات سے آراستہ آدرش گرام کالونی کے 400 مکانات سمیت 4 نئے پروجیکٹوں کا بھی سنگ بنیاد رکھیں گے ۔وزیر اعظم اسٹیچیو آف یونٹی کے آس پاس کے تقریبا 25 مربع کلومیٹر کے رقبے میں ایک ارب لائٹوں سے بنے ڈیزائن اور سردار سروور ڈیم کی خاص ڈیزائن کی گئی ڈیکو ریٹو لائٹنگ کا بھی افتتاح کریں گے ۔وزیر اعظم 31 اکتوبر کی صبح راشٹریہ ایکتا پریڈ میں شرکت سے قبل ‘آروگیہ ون ’کا بھی دورہ کریں گے ۔ آروگیہ ون ایک مخصوص قسم کا باغ ہے جس کے خصوصی ڈیزائن کو کچھ اس طرح انجام دیا گیا ہے کہ انسانی جسم اور شعور کا تسلسل برقرار رہے ۔وزیر اعظم ملک میں پہلے ‘سی پلین’ کے ذریعہ کیویڈیا سے احمد آباد پرواز کیلئے تالاب نمبر3 کے واٹر ڈروم کا افتتاح سردار پٹیل کی یوم پیدائش پر کریں گے ۔ اس کے لئے پرائیویٹ فضائی کمپنی اسپائس جیٹ 19 سیٹوں والے ایک طیارہ کا استعامل کرے گی۔ اس سفرکے آغازمیں فضائی کمپنی 12 نشستوں کا استعما ل کرے گی اور احمد آباد کے دریائے سابرمتی میں بنے واٹر ڈرم یعنی آبی ہوائی اڈے کے سے کیوڈیا تک تالاب نمبر 3 واٹر ڈروم کے درمیان کرایہ 4800 روپے فی کس ہوگا۔یواین آئی