تازہ ترین

’سرفروشی کی تمنا اب ہمارے دل میں ہے‘

وسائل کی کھلی لوٹ کا مقابلہ ہوگا ،چاہیے کچھ بھی کرنا پڑے: محبوبہ مفتی

تاریخ    30 اکتوبر 2020 (00 : 01 AM)   


بلال فرقانی
سرینگر// پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے کہا کہ وہ خاموش نہیں رہیں گے بلکہ تمام محاذوں پر’’ جموں و کشمیر کے وسائل کی کھلی لوٹ مار کا مقابلہ کریں گے‘‘۔محبوبہ مفتی نے حکومت ہند پر الزام لگایا کہ اقامتی قوانین کے نفاذ، اراضی قوانین کی منسوخی اور غیر پشتینی باشندوں کو جموں کشمیر میں زمین خریدنے کی اجازت کے علاو ہ سرکاری ملازمین کی مدت خدمات کو محض22سال تک محدود کرنے کا مقصد مرکزی زیر انتظام والے اس خطے کے وسائل کو لوٹنا ہے۔۔پولیس کی جانب سے حراست میں لئے گئے کئی پی ڈی پی کارکنوں سے ملاقات کی اجازت نہ دینے کے بعد اپنی سرکاری رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ پارٹی کارکنوں نے ’’ جموں و کشمیر کے وسائل کی لوٹ مار‘ سے متعلق حکومت کے پے در پے ا علانات کے خلاف پرامن مظاہرہ کرنے کی کوشش کی ،لیکن کارکنوں کو حراست میں لیا گیا اور انہیں پولیس اسٹیشن میں بند کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا ’’میں نے ان کی خیریت جاننے کیلئے ان سے ملنے کی کوشش کی لیکن اس کی اجازت نہیں دی گئی‘‘۔
محبوبہ مفتی نے کہا کہ مرکزی حکومت کی طرف سے روز فرمان جاری کئے جاتے ہیں۔ان کا کہنا تھا: 'دلی کی طرف سے روز فرمان جاری کئے جاتے ہیں آج زمین لینے کا فرمان جاری ہوا ہے، کبھی ڈومیسائل کا تو کبھی سرکاری ملازموں کی سبکدوش ہونے کی عمر کی حد میں کمی کرنے کا فرمان جاری ہوتا ہے'۔سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مرکزی حکومت جموں و کشمیر کے لوگوں پر ہی طاقت آزمائی کرتی ہے۔انہوں نے کہا: 'اگر ان (حکومت) کے پاس طاقت ہے تو چین کو نکالو جس نے لداخ میں ہماری زمین پر قبضہ کیا ہے۔ یہ لوگ چین کا نام لینے سے تھرتھراتے ہیں جنہوں نے ہمارے بیس جوانوں کو شہید کیا لیکن جموں و کشمیر کے لوگوں پر طاقت آزمائی کرتے ہیں'۔موصوفہ نے کہا کہ حکومت کے جموں و کشمیر کو لوٹنے کے منصوبوں پر پانی پھیر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا: 'ہم خاموش بیٹھنے والے نہیں ہیں۔ جموں و کشمیر کو لوٹنے کے جو بھی ان کے پاس منصوبے ہیں انہیں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا چاہے ہمیں کچھ بھی کرنا پڑے'۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ مجھے اس بات پر خوشی ہے کہ جموں اور لداخ کے لوگ بھی بی جے پی کے چہرے کو پہچان گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا: 'مجھے خوشی ہے کہ بی جے پی کا گھناؤنا چہرہ جموں اور لداخ کے لوگوں کے سامنے بھی آیا ہے، ان کو ڈوگروں سے کوئی مطلب ہے نہ لداخی لوگوں سے، کشمیر کے لوگوں سے کبھی تھا ہی نہیں، یہ لوگ صرف جموں و کشمیر کی زمین چاہتے ہیں اور اس کو بڑے سرمایہ کاروں کو دینا چاہتے ہیں'۔
پی ڈی پی صدر نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا: 'مودی جی نے ملک کا بیڑا غرق کیا ہے، آج ہم بنگلہ دیش سے بھی پیچھے ہیں'۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کو ایک جیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے جس میں صحافیوں، سول سوسائٹی اراکین اور سیاسی لیڈروں کو بات کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔پی ڈی پی کے مستقبل کی حکمت عملی کے بارے میں پوچھے جانے پر محبوبہ مفتی نے بے ساختہ بسمل عظیم آبادی کا یہ معروف شعر پڑھا 'سرفروشی کی تمنا اب ہمارے دل میں ہے، دیکھنا ہے زور کتنا بازوئے قاتل میں ہے'۔