تازہ ترین

عید میلاد تمام طبقوں میں بھائی چارے، یکجہتی اور امن کا پیامبر

لیفٹیننٹ گورنر،بھٹناگر،بصیر خان،شرما،ڈاکٹر فاروق ،محبوبہ ،میراورحکیم یاسین کے تہنیتی پیغامات

تاریخ    30 اکتوبر 2020 (00 : 01 AM)   


سرینگر //لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں کشمیرکے عوام کو عید میلاد کے مقدس موقع پر مبارکباد پیش کی ۔ اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ مبارک موقع سماج کے تمام طبقوں میں یکجہتی ، امن اور بھائی چارے کا پیامبر بن کر آئے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے جموں کشمیر کیلئے امن ، ترقی اور خوشحالی اور لوگوں کی خیر و عافیت کی دعا کی ۔ لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بٹھناگر نے عید میلاد کے مبارک موقع پر جموں کشمیر کے عوام کو مبارکباد پیش کی ۔ اپنے پیغام میں مشیر بٹھناگر نے اُمید ظاہر کی کہ یہ مبارک موقع پورے جموں کشمیر کیلئے امن ، یکجہتی ، ترقی اور خوشحالی کا پیغام لیکر آئے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس دن اپنوں اور پوری انسانیت کیلئے دعا کرنی چاہئے ۔ مشیر نے جموں کشمیر کے عوام کی خوشحالی ، امن ، صحت اور خوشی کیلئے دعا کی ۔  لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر خان نے جموں کشمیر کے عوام کو عید میلاد کے مبارک موقع پر مبارکباد پیش کی ۔ اپنے مبارکبادی پیغام میں مشیرخان نے اُمید  ظاہر کی کہ یہ مبارک موقع پورے جموں کشمیر کیلئے امن ، یکجہتی ، ترقی اور خوشحالی کا پیغام لیکر آئے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس دن اپنوں اور پوری انسانیت کیلئے دعا کرنی چاہئے ۔ مشیر نے جموں کشمیر کے عوام کی خوشحالی ، امن ، صحت اور خوشی کیلئے دعا کی ۔لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر کے کے شرما نے عیدمیلادکے مبارک موقع پر لوگوں کو مبارک باد پیش کی۔اَپنے مبارک بادی پیغام میں مشیر نے اُمید ظاہر کی کہ یہ مبارک موقع معاشرے کے ہرطبقے میں ہمدردی ، باہمی بقائے کے پیغام عام کرنے کے علاوہ امن اورخوشحالی آئے گی ۔مشیرموصوف نے عقیدت مندوں اور لوگوں سے اپیل کی کہ وہ عید میلادمناتے ہوئے کووِڈ ۔19 وَبا سے متعلق تمام احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا رہیں۔نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اہل اسلام خصوصاً جموں کشمیر کے عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے رسول رحمتؐ کی سیرت طیبہ کو قیامت تک آنی والی نسلوں کیلئے نمونۂ عمل قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ غیر مسلم ومسلم دانشوروں نے اِس حقیقت کا اعتراف کیا ہے کہ فقید المثال انسان کامل ہونے کا درجہ آنحضرتؐ کو حاصل رہا ہے کیونکہ حضورؐکی سیرت مبارکہ اخلاق حسنہ کا بے مثال وبہترین نمونہ رہی ہے۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ، جنرل سکریٹری علی محمد ساگر ،معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال اور صوبائی صدر ناصر اسلم وانی نے بھی مسلمانانِ عالم خصوصاً جموں کشمیر کے عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی صدر محبوبہ مفتی نے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ مقدس موقع جموں کشمیر کی عوام کیلئے خوشحالی کا پیغام لیکر آئے گا۔جموں کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر جی ایم میر نے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے دعا کی کہ یہ دن عالمی امن کیلئے نوید بن کر آئے۔ پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ کے چیئرمین حکیم محمد یاسین نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ کرے یہ مقدس دن ساری دنیا خاصکر جموں وکشمیر میں امن، خوشحالی اور ترقی کی نوید بن کر آئے۔ادھر سیاسی رکن انجینئر نذیر ایتو نے بھی مبارکباد پیش کی ہے۔
 

رہنما ئی کا پیغام اور فلاح کی نوید

مولاناقانونگو،مفتی ناصر،مولانا ہمدانی،حمیداللہ حقانی کی مبارکباد 

سرینگر//پیغمبر اسلام جناب سرور عالم ؐ کی ولادت باسعادت کے موقع پر اپنے والہانہ عقیدت کے پیغام میں انجمن حمایت الاسلام کے صدرمولانا خورشیداحمدقانونگو نے کہا کہ حضرت محمدؐ کی تشریف آوری باعث افتخار انسانیت ،مخلوقات عالم کے تحفظ ، اخلاقی عروج، عناصر جہالت کی بیخ کنی و اسلام کے آفاقی دین کی تعلیمات سے ضابطہ حیات کے تمام شعبہ جات میں رہنمائی کاپیغام و نوید فلاح ہے اور حضور ؐ اقدس کے طریقہ مبارک پر قائم ودائم رہنے والے کیلئے یہ ولادت مقدس حقیقی مبارک و عید سعید ہے اور یہ ذات بابرکت تمام اقوام عالم کیلئے باعث امان و نجات ہے۔ مفتی اعظم مفتی ناصر الاسلام نے عوام کو عید میلاد کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ حضورؐ کی تشریف آوری سے دنیا کی ساری برائیاں جو عروج پر تھیں یکسر اختتام پذیر ہوئیں۔انہوں نے کہا کہ آپ نے امن و امان،صلح و شانتی،صالح اورصحت مند نظامِ حیات اور اعلیٰ اخلاقی قدروں کی آبیاری کی اور اس کو آگے بڑھایا۔جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے عید میلادکی تقریب سعید پر عالم اسلام خصوصاً جموں کشمیر کے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس مقدس دن کی بدولت ہی کائنات میں صدیوں کی جہالت، گمراہی ، دخترکشی ، رنگ ونسل ، گورے کالے کا خاتمہ ہوا اور ایک صالح نظام کی بنیاد پڑی۔ انہوں نے عالم اسلام کی سربلندی ، عوام کی خوشحالی اورعزت واحترام کیلئے دعا کی ۔ جمعیت کے دیگر ذمہ داروں نے بھی عالم اسلام کو مبارکباد پیش کی۔ادھر حقانی میموریل ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ سید حمیداللہ حقانی نے دنیا بھر کے مسلمانوں کومبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپؐنے اپنے حسن اخلاق سے روئے زمین پر ایک مثالی ریاست قائم کی اور ایک ایسے معاشرہ کو تشکیل دیا جو صبح قیامت تک رول ماڈل ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج جو ممالک فلاحی ریاست کا منظر پیش کر رہے ہیں ان تمام ممالک نے عہد نبوی سے ہی رہنمائی حاصل کی ہے۔
 
حضورؐ کی شان میں گستاخی 
نا قابل برداشت:انجمن علماء/ایجیک
سرینگر// انجمن علماء وائمہ مساجدجموں وکشمیر کے امیر حافظ عبد الرحمن اشرفی نے فرانس میں پیغمبر آخرالزماں حضرت محمدؐ کے خاکوں کی نمائش کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قسم کی گستاخی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے پوری دنیا میں موجود مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوگئے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلمان سب کچھ برداشت کرسکتے ہیں لیکن اپنے محبوبؐ کی شان اقدس میں کسی بھی قسم کی گستاخی کو برداشت نہیں کر سکتے ۔انجمن علماء وائمہ مساجدنے اقوام عالم بالخصوص انصاف پسند رہنماؤں سے اس سلسلے میں مداخلت کی اپیل کی ہے۔ادھر سینئرٹریڈیونین لیڈراعجازاحمدخان نے مبارکبادپیش کرتے ہوئے کہاکہ حضورؐ کی شان اقدس میں گستاخی کوکسی بھی صورت میں برادشت نہیں کیاجائے گا۔ اپنے بیان میں ایمپلائز جوائینٹ کنسلٹیٹو کمیٹی EJCCکے چیئرمین اعجازاحمدخان نے کہاکہ عصرحاضر میں رسول پاکؐ کی تعلیمات پر پوری دنیاکوعمل پیراہونے کی سخت ضرورت ہے۔انہوںنے وزیراعظم نریندرمودی سے اپیل کی کہ وہ فرانس کے ساتھ ملک کے تعلقات کاجائزہ لیں اوردیکھیں کہ کیابھارت کسی ایسے ملک کے ساتھ قربت رکھ سکتاہے ،جہاں کاحکمران خود ایک فرقہ پرست اورانسانیت کادشمن بن گیاہو۔انہوں نے کہاکہ ہمیں اُمیدہے کہ مرکزی حکومت ملک کے کروڑوں مسلمانوں کے مذہبی جذبات کودیکھتے ہوئے فرانس کی ضرورسرزنش کریں گے ۔