ضلع گاندربل میں محکمہ پی ڈی ڈی کیخلاف احتجاج، شاہراہ پر ٹریفک میں رکاوٹ

تاریخ    29 اکتوبر 2020 (43 : 12 PM)   
(Representational Pic)

غلام نبی رینہ
کنگن//وسطی ضلع گاندربل میںتحصیل گنڈ کے گگن گیر علاقے میں جمعرات کومحکمہ بجلی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ ہوا جس کے سرینگر۔ لداخ شاہراہ پر ایک گھنٹے تک ٹریفک کی نقل و حمل میں خلل پڑا۔
 کشمیر عظمیٰ کو ملی تفصیلات کے مطابق چونہ دجی گگن گیر علاقے میں اس وقت سرینگر ۔لداخ شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت بند ہو گئی جب چونہ دجی گوجر پتی کے مرد وزن نے محکمہ بجلی کے خلاف احتجاجی دھرنا دیا ۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ 100گھرانوں پر مشتمل آبادی کے لئے محکمہ نے 100KV بجلی ٹرانسفارمر نصب کیا ہے اور اسی ٹرانسفارمر سے نزدیکی سی آر پی ایف کیمپ کو بھی بجلی سپلائی کی جارہی ہے جس کی وجہ سے وہاں اکثر بجلی متاثر رہتی ہے اور مقامی بستی کے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ مقامی بستی میں 250KV بجلی ٹرانسفارمر نصب کیا جائے تاکہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
 بعدازاں گنڈ پولیس کی ٹیم جائے وقوع پر پہنچ گئی اور مظاہرین کو یقین دلایا کہ ان کے اس مسلے کو محکمہ بجلی کے افسران کی نوٹس میں لایا جائے گا جس کے احتجاجی مظاہرین نے دھرنا ختم کیا اور شاہراہ پر ٹریفک بحال ہوگیا۔
 

تازہ ترین