تازہ ترین

مزید خبرں

تاریخ    28 اکتوبر 2020 (00 : 01 AM)   


 سود پرلگے سود میں چھوٹ کی اسکیم 

۔5نومبر تک عملدرآمد یقینی بنانے کی آر بی آر کی ہدایت

ممبئی//ریزروبینک آف انڈیانے بینکوں کے علاوہ مالی کمپنیوں سمیت قرضہ دینے والے تمام اداروں کو دوکروڑ روپے تک کے قرضوں پرسود پر سود میں چھ ماہ کی چھوٹ دینے کے حکومت کے فیصلے پرعملدرآمد کو 5نومبر تک یقینی بنائیں۔گزشتہ جمعہ کوحکومت نے مخصوص قرضہ کھاتوں پرچھ ماہ تک چھوٹ دینے کی اسکیم کا اعلان کیا تھا۔قرضہ دینے والے اداروں کوکہاگیا ہے کہ وہ 5نومبر تک قرضہ داروں کے کھاتوں میں رقم جمع کریں ۔ اس اسکیم کے دائرے میں مکان کا قرضہ،تعلیمی قرضہ،کریڈٹ کارڈ کے بقایاجات،ایم ایس ایم ای قرضے،گاہکوں کے قرضے اور دیگر قرضے شامل ہیں ۔ اسکیم کے تحت مالی ادارے قرضہ داروں کے کئی زمروں کو عبوری ادائیگی کریں گے جویکم مارچ سے31اگست 2020تک کے چھ ماہ کے دوران سود اور سود درسود کے فرق کے برابر ہوگی ۔ایک ٹویٹ میں مرکزی وزیرخزانہ نرملا سیتا رمن نے کہا کہ قرضہ دینے والے اداروں اسکیم کے قواعد کے تحت رہنمائی حاصل کرنے کی صلاح دی جاتی ہے اور معینہ مدت کے دوران لازمی کارروائی کریں ۔ وزارت خزانہ نے عدالت عظمیٰ کے ہدایات کے پس منظر میں23اکتوبر کو رہنماخطوط جاری کئے تھے۔عدالت عظمیٰ نے14اکتوبر کو ایک حکم میں مرکزکوہدایت دی تھی کہ وہ جتنی جلدی ممکن ہو اتنی جلدی دوکروڑ روپے کے قرضوں تک ،میں قرضہ داروں کو کوروناوائرس کی عالمگیر وباء کے پیش نظر سود میں دیوالی کے موقعہ پرچھوٹ دے۔اسکیم اُن قرض داروں پر بھی لاگوہوگی جنہوں نے مورٹوریم اسکیم کافائدہ نہیں اُٹھایا ہواور وہ بدستور قرضہ واپس ادا کررہے ہوں۔مالی ادارے رقم کو قرض داروں کے کھاتوں میں جمع کرنے کے بعد اس کی بے باکی کا دعویٰ مرکزی حکومت کو پیش کریں گے ۔ریزروبینک آف انڈیا نے یکم مارچ 2020سے31اگست2020تک قرضوں کی واپس ادائیگی میں چھوٹ دی تاکہ تجارت اور افراد کومالی مشکلات پر قابو پانے میں مدد ملے ۔
 

کشمیری عوام کی ہرممکن مدد جاری رکھنے کاعمران خان کااعادہ

سرینگر//کشمیری عوام کا مکمل ساتھ دینے کااعادہ کرتے ہوئے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کو انصاف ملنے تک ان کا ساتھ دیا جائے گا۔یوم یکجہتی کشمیر انسانی تاریخ کے ایک تاریک باب کو اجاگر کرتا ہے۔ ۔سی این آئی کے مطابق پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مسئلہ کشمیرایک بین الاقوامی تنازعہ ہے اور بھارت کا کشمیرپرغیرقانونی قبضہ ہے اوراس تنازعہ کاحل اقوام متحدہ کے چارٹر اورسلامتی کونسل کی قراردادوں میں مضمر ہے ۔انہوں نے کہاکہ سات دہائیوں سے جاری مظالم کے باوجود بھارت کشمیری عوام کے عزم کوتوڑنے میں ناکام ہوا ہے ۔عمران خان نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں اورکشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازعہ کشمیرکے پرامن حل کیلئے کام کرے،یہی واحد راستہ ہے جوجنوبی ایشیاء میں پائیدارامن اوراستحکام کو یقینی بناسکتا ہے۔عمران خان نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے کندھے سے کندھا ملاکرکھڑارہے گااور حق خودارادیت کے حصول تک کشمیریوں کی ہرممکن مدد جاری رکھے گا۔
 

بھٹناگرنے پرجیکٹس کنسٹرکشن کارپوریشن کے کام کاج کاجائزہ لیا

سرینگر //لفٹینٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بٹھناگر نے جے کے پی سی سی کو اصلاحی اقدامات اٹھانے اور ایک موثر اور اختراعی نظام قائم کرنے کیلئے کہا تا کہ کارپوریشن کی مالی صحت کی بحالی یقینی بنائی جا سکے ۔ مشیر نے ان خیالات کا اظہار  یہاں سول سیکرٹریٹ میں جے کے پی سی سی کی جائیزہ میٹنگ کی صدارت کے دوران کیا ۔ میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری محکمہ تعمیراتِ عامہ ، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے پی سی سی ، ڈیولپمنٹ کمشنر ورکس اور کارپوریشن کے دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے ۔ مشیر نے جے کے پی سی سی کی جانب سے زیر تعمیر مختلف تعمیراتی پروجیکٹوں پر جاری پیش رفت کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو پروجیکٹوں پر جاری کام میں سرعت لانے کی ہدایت دی ۔
 

کنگن میں شہری چھت سے گر کرزخمی

ارشاداحمد
گاندربل//کنگن میں ایک المناک حادثہ میں دو منزلہ عمارت سے گرکر چار لڑکیوں کا والدشدید زخمی ہوگیا۔علی محمد شیر گوجری ساکنہ کنگن اپنے دو منزلہ پرانی عمارت کو مسمار کرارہا تھا کہ چھت پرسے 40 سالہ عبدالقیوم شیخ ولد عبدالرشید ساکنہ وانی یارم وانگت اچانک اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکا اور چھت سے گر کر شدید زخمی ہوگیا۔ اس موقع پر اُسے زخمی حالت میں ٹراما ہسپتال کنگن لے جایا گیا جہاں سے اسے نازک حالت میں میڈیکل انسٹیچوٹ صورہ منتقل کردیا گیا جہاں ڈاکٹروں کے مطابق اس کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے.واضح رہے مذکورہ شخص چار لڑکیوں کا والد ہے۔ 
 

چیوہ الر ترال میں 6سالہ بچہ غرقآب 

 فورسز کیمپ میں اہلکار کی پیر پھسلنے سے موت

سید اعجاز
ترال//جنوبی کشمیر کے سب ضلع ترال سے پانچ کلو میٹر دور چیوہ اُلر ترال میںمنگل کے روز بعد دوپہر ایک دلدوز حادثے میں ایک کمسن6سالہ بچہ غرق آب ہونے کے دوران لقمہ اجل بن گیا ہے جس دوران گائوں میں صف ماتم بیچھ گئی ہے ۔ادھر ترال میں قائم سی آر پی ایف کیمپ میں ایک اہلکار سیڈھیوں سے پیر پھسلنے سے موت واقعہ ہوئی ہے ۔ مقامی لوگوں نے بتایا 6سال عمر کا ایک کمسن بچہ نعمان ارشاد ولد ارشاد احمد گھر سے باہر کھیلنے کی غرض سے نکلا اس دوران جب بچہ جلدی واپس نہیں آیا تو گھر والوں نے اس کی تلاش شروع کی ہے اور تلاش کے دوران کسی کی نظر گائوں میں موجود ایک چشمے میں پڑی جہاں یہ بچہ پانی میں ڈوب گیا تھا۔ مقامی لوگوں نے بتایا اگر چہ مذکورہ بچے کو چشمے سے نکال کر ہسپتال پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے تاہم وہ اس سے قبل ہی لقمہ اجل بن گیا تھا۔ ادھر ترال میں قائم ایک سی آر پی ایف کیمپ میں سیڑھیوں سے پیر پھسلنے کے بعد نیچے گر جانے سے ایک  اہلکار کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ ذرائع کے  مطابق یہ واقعہ 1180 بٹالین کے سی آر پی ایف کے کیمپ میں پیش آیا۔ذرائع نے بتایا کہ چندرپال نامی یہ اہلکار سیڑھیوں سے نیچے آرہا تھاجس دوران اس کا پیر پھسل گیا اور وہ نیچے گرآیا اور شدید زخمی ہوا۔اس دوران زخمی اہلکار کو پہلے ترال اور اس کے بعد اسے یہاں سے شدید زخمی حالت میں سرینگر منتقل کیا گیا تاہم وہ بعد میں زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھا  ۔ ادھرجنوبی کشمیر میں مقیم ترجمان سی آر پی ایف نے اس واقعے سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ حقائق کا پتہ لگائیں گے۔ 
 

راجوری میں12برس کے بچے کی لاش لٹکی پائی گئی

راجوری//راجوری میں ایک بارہ سالہ بچے کی لاش اس کے ہی گھر میں لٹکتی ہوئی پائی گئی۔یہ واقعہ ضلع کے بہروٹ گاوں میں گذشتہ شام پیش آیا۔ بچے کی لاش ملتے ہی پولیس کو مطلع کیا گیا جس کے بعد تھنہ منڈی پولیس سٹیشن سے ایک ٹیم موقعہ پر پہنچ گئی۔پولیس کے مطابق لاش کو قانونی لوازمات کیلئے تحویل میں لیا گیا۔اس سلسلے میں دفعہ174سی آر پی سی کے تحت تحقیقات شروع کی گئی ہے۔
 
 

ریاستی آبی انضباطی اتھارٹی

گنشام جہا نے چیئرمین کا حلف لیا

سرینگر// جموں کشمیر کے چیف سیکریٹری بی وی آر سبھرامنیم نے منگل کو گنشام جہا کو سٹیٹ واٹر ریگولرٹی اتھارٹی( ریاستی آبی انضباطی اتھارٹی) کے چیئرمین کے طور پر حلف دلایا۔ گنشام جہا نے اس سے قبل مرکزی پانی کمیشن کے چیئرمین کے طور پر بھی اپنی خدمات انجام دی ہے اور انہیں سیلابی انظامات،سیلاب کی پیش گوئی،نگرانی و انتظام ،ہائڈرولوجیکل اعداد شمار کی حصولیابی و احاطہ کے علاوہ ڈرینج و ماحولیاتی منیجمنٹ اور تعمیراتی انجینئرنگ کے خاکوں میں کافی اور وسیع تجربہ حاصل ہے۔ چیف سیکریٹری نے گنشام جہا کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اپنے تجربے اور ماہرانہ ہنر سے سٹیٹ واٹر ریگولرٹی اٹھارٹی( ریاستی آبی انضباطی اتھارٹی) کو مزیدمضبوط و مستحکم کریں گے،جبکہ حوصلہ کن رہنمائی بھی فراہم کریں گے۔ سٹیٹ واٹر ریگولرٹی اٹھارٹی( ریاستی آبی انضباطی اتھارٹی) کو ایک خود مختار ادارے کی حیثیت سے جموں کشمیر کے حدود میں آبی وسائل کی تفویض و استعمال اور انکی قیمتیں مقرر کرنے کے علاوہ مستحکم و یکساں منیجمنٹ سے متعلق ضوابط و قواعد کی ذمہ دار ہوگی۔
 

۔2سی پی اوز سمیت 3عہدیدار معطل

جموں// محکمہ عمومی انتظامی (جی اے ڈی) نے 2 چیف پلاننگ آفیسرز (سی پی اوز) سمیت تین اہلکاروں کو معطل کردیا۔اس سلسلے میں جاری حکم کے مطابق سی پی او ریاسی کمل کمار شرما، انچارج سی پی او راجوری شمعون احمد اور جونیئر انجینئر ہائیڈرولک ڈویژن رام بن محمد عرفان کوزیر التوا تحقیقات کے پیش نظر معطل کردیاگیاہے ۔ یہ معطلی جموں وکشمیر سول سروسز کے قواعد 1956 کے ضابطہ 31کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔
 

جموں کشمیر کو ریاست کا درجہ واپس دیا جائے:سنجے صراف

سرینگر// جموں کشمیر کو ریاست کا درجہ واپس دینے کی وکالت کرتے ہوئے لوک جن شکتی کے امور کشمیر انچارج سنجے صراف نے کہا کہ جموں کشمیر ایک خطہ ہی نہیں بلکہ ایک تہذیب اور تمدن ہے اور اس تہذیب،ثقافت اور کشمیریت کو تحفظ فراہم کرنا لازمی ہے۔ ایوان صحافت کشمیر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب وقت آچکا ہے کہ جموں کشمیر میں ریاستی حیثیت کو بحال کیا جانا چاہئے تاکہ حالات مزید بہتر ہوجائیں۔صراف نے کہا کہ جموں کشمیر کو ریاست کا درجہ واپس دینا جموں کشمیر کے عوام کے حق میں ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی،وزیر داخلہ امت شاہ اور مرکزی حکومت کے دیگر ذمہ داروں سے اپیل کی کہ وہ اس ضمن میں جلد از جلد اقدامات کریں۔انہوںنے ڈیلی ویجروں و کیجول لیبروںکو پس پردہ نہ ڈالنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہاکہ روزانہ اجرت پر کام کرنے والے ملازمین کو نظر انداز کرنا ان کے ساتھ نا انصافی ہے۔انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ سردیوں میں معقول بجلی کی سپلائی کو یقینی بنایا جائے۔
 

پونچھ سڑک حادثے میں نائب سرپنچ ہلاک

پونچھ//پونچھ میں ایک سڑک حادثے میں موٹرسائیکل پرسوار نائب سرپنچ ہلاک ہوگیا۔پونچھ کے منگلنارگائوں میں ایک نائب سرپنچ کوموٹر سائیکل پرسوارتھا،اُس وقت ہلاک ہواجب ایک نامعلوم تیزرفتارگاڑی نے اُس کے موٹر سائیکل کو زوردارٹکرماردی،جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوارنائب سرپنچ ہرمیندرسنگھ شدیدزخمی ہوا۔اُسے مقامی لوگوں نے فوری طور اسپتال پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قراردیا۔سی این آئی کے مطابق اس دوران پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے نامعلوم گاڑی کی تلاش شروع کردی ہے۔
 

باغ بالہ کرناہ میں میکڈم نہ بچھانے کے خلاف احتجاج 

 نمائندہ عظمیٰ 
 
سرینگر // کرناہ کے باغبالہ علاقے میں لوگوں نے سڑک کی خستہ حالت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے حکام کے خلاف نعرہ بازی کی ۔لوگوں کا کہنا تھا کہ باغ بالا سے جبڑی تک سڑک انتہائی خستہ ہے جس کے سبب لوگوں کو عبور ومرور میں سخت دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔احتجاجی مظاہرین نے کہا کہ انہوں نے کئی بار اس تعلق سے حکام کو آگاہ کیا لیکن اس جانب کوئی دھیان نہیں دیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ کرناہ کی بیشتر سڑکوں کی حالت ناگفتہ بہ ہے ۔احتجاج کے پیش نظر ٹریفک کی نقل حرکت بھی کچھ وقت تک متاثر ہو کر رہ گئی تاہم بعد میں افسران کی یقین دہانیوں کے بعد جلوس منتشر ہوا ۔
 

متحدہ مجلس علماء فرانسیسی صدر کے بیان پربرہم

 پیغمبر اسلام ؐاوردین اسلام کی توہین ناقابل برداشت 

سرینگر//متحدہ مجلس علماء نے فرانس کے صدرایمانوئل میکرون کے دین انسانیت ورحمت یعنی اسلام کے خلاف دیئے گئے بیان پرشدیدبرہمی کااظہار کرتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے ۔ایک بیان کے مطابق متحدہ مجلس علماء کی تمام اکائیوں نے اپنے ایک احتجاجی بیان میں کہا کہ یہ ایک بدترین اور افسوسناک المیہ ہے کہ عالمی صہیونی اوراسلام دشمن قوتیں ایک گھنائونے منصوبے کے تحت وقتاًفوقتاًدین اسلام اور پیغمبر انسانیت حضرت محمدؐ اورقران کریم کے خلاف دریدہ دہنی کرکے مسلمانان عالم کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کی دانستہ کوششیں کرتے رہتے ہیں جو حددرجہ افسوسناک اورانتہائی قابل مذمت حرکت ہے۔بیان میں کہاگیا ہے کہ فرانسیسی جریدے چارلی ہیبڈوکے2006میں شائع گستاخانہ خاکوںکی ایک منظم سازش کے تحت دوبارہ نمائش ایک ایسے موقعہ پرکی گئی جبکہ ولادت باسعادت حضرت نبی رحمتؐکامقدس مہینہ ربیع الاول عالم انسانیت پرسایہ فگن ہے ۔بیان میں کہاگیا ہے کہ اس طرح کے گستاخانہ بیانات اور تبصرے جان بوجھ کرکئے جاتے ہیںجن سے مسلمانان عالم کے جذبات دکھی ہوسکیں۔متحدہ مجلس علماء نے یہ بات واضح کی کہ آزادی اظہار رائے کی آڑ میں دنیا بھر کے تقریباً دو ارب کلمہ گو اور ملت اسلامیہ کیخلاف گستاخانہ حرکتیں ناقابل برداشت ہیں۔مجلس علما نے یہ بات زور دیکر کہی کہ جموںوکشمیر کے مسلمان اس نازک اور حساس مسئلہ کے حوالے سے عالم اسلام اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور اپنی بھر پور یکجہتی کا اعلان کرتے ہیں۔بیان میں فرانسیسی صدر جیسے قماش کے لوگوں اور عناصر کو خبردار کرتے ہوئے کہا گیا کہ آج کے گئے گذرے دور میں بھی مسلمان ہر چیز برداشت کرسکتا ہے لیکن دین اسلام ، پیغمبر اسلام اور قران حکیم کی توہین اور تضحیک کسی قیمت پر برداشت نہیں کرسکتا۔ مجلس علما نے دنیا بھر کے امن پسند اقوام و ممالک کے ساتھ ساتھ اسلامی دنیا کی قیادت سے پْر زور اپیل کی کہ وہ فرانسیسی صدر کی ہرزہ سرائی کا سنجیدہ نوٹس لیں اور اس طرح کے بے لگام عناصر کو لگا م دینے کی کوشش کریں۔
 

ناموس رسالت کیلئے جان نچھاور کرنے کو تیار: مولاناقاسمی 

سرینگر//دارالعلوم شیری بارہ مولہ کے مہتمم اورسیکریٹری جمعیت علماء اہل سنت وجماعت شیخ عبدالقیوم قاسمی نے فرانسیسی صدر کے گستاخانہ بیان کی مذمت کی ہے ۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سرکارودوعالمؐکورب ذوالجلال نے وہ عزت ومنزلت عطافرمائی ،جو ہمیشہ سے تھی اور ہمیشہ رہے گی اور کوئی ماں کا لال پیدا نہیں ہواہے اور نہ قیامت تک پیدا ہوگا جو آپ ؐ کی شان اقدس میں بے عزتی یاگستاخی کرسکے ۔شیخ عبدالقیوم قاسمی نے کہا کہ جو ایساکرنے کی کوشش کرتا ہے وہ دراصل اپنے کمینے پن اوربے ہودگی کو ہی ظاہر کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ چاند کی طرف تھوکنے والے کا تھوک کبھی چاند کو نہیں لگتا بلکہ خوداُسی تھوکنے والے کے چہرے پرجالگتا ہے۔انہوں نے کہا جوکوئی بدنصیب ،بدبخت ،بے ضمیرایسی گھنائونی حرکت کرنا،تودرکنار ،کرنے کاارادہ بھی کرلے وہ انسان نہیں بلکہ انسانی صورت میں شیطانی سیرت والابدکردار شخص ہے ،چاہے وہ کسی بھی قوم ومذہب سے تعلق رکھتا ہو۔انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کا ہرفرد تحفظ ناموس رسالت ؐ پر جان نچھاور کرنے کیلئے ہرآن اور ہردم تیاررہتا ہے ۔
 

آرتھ کی اندرونی سڑکیں کھنڈرات میں تبدیل 

سرینگر // ضلع بڈگام کے آ رتھ علاقے میں سڑکوں کی حالت ناگفتہ بہہ ہے ۔ جگہ جگہ سڑکوں سے میکڈم اکھڑجانے کے نتیجے میںسڑکیں نا قابل سفر بن گئی ہیں۔لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑ کوں کی خستہ حالی کی وجہ سے انہیں سخت مشکلات درپیش ہیں۔مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ کی طرف سے سڑکوں کی مرمت میں تاخیر پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بستی کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیاہے ۔(کے این ٹی)
 
 

لداخ تعینات 7 افسران کو جموں و کشمیر میں برقرار رکھا گیا

جموں//محکمہ عمومی انتظامیہ (جی اے ڈی) نے جموں و کشمیر حکومت کے 7 افسران کو یہیں پربرقرار رکھا جنہیں مرکزی زیر انتظام لداخ میں تعینات کیا گیا تھا۔ مورخہ 20 جولائی 2020 کے سرکاری آرڈر نمبر 707 جے کے (جی اے ڈی) کی جزوی ترمیم میں مورخہ 22 جولائی 2020 کے 2020 کا 716جے کے (جی اے ڈی) اور اگست 2020 کے سرکاری آرڈر نمبر 747جے کے (جی اے ڈی) 2020اورانتظامیہ کے مفاد میں ڈیپوٹیشن پرلداخ بھیجے جانے والے 7 افسران کو جموں و کشمیر میں ہی برقرار رکھا گیا ہے۔اس حکمنامہ کے مطابق ڈائریکٹر پلاننگ صنعت و حرفت سید شبیر شفیع، محکمہ اینمل ہسبنڈری کے انچارج ڈائریکٹر پلاننگ گردھاری لال، ڈائریکٹر پلاننگ محکمہ اعلیٰ تعلیم جی ایم گنائی، انچارج ڈائریکٹرپلاننگ محکمہ جنگلات و ماحولیات پرویز احمد ہنڈو، انچارج جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ محکمہ مال وید راج، انچارج بی ڈی او بھدرواہ طاہر قیوم ملک اور جموں و کشمیر روڈ سیفٹی کونسل میں پرائیویٹ سیکریٹری نریش کمارکو جموں و کشمیر میں ہی رکھاگیاہے۔انچارج بی ڈی او کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مزید پوسٹنگ کے لئے محکمہ دیہی ترقی کو رپورٹ کریں جبکہ بقیہ افسران اپنی پوسٹنگ کی موجودہ جگہ پر دوبارہ رپورٹ کریں گے۔
 

جموں کشمیر کے 723224شہری وطن لوٹے 

جموں//حکومت جموں وکشمیر نے کووِڈلاک ڈاون کے سبب ملک کے مختلف حصوں میں درماندہ جموںوکشمیر کے 723224شہریوں کو براستہ لکھن پور اور کووِڈخصوصی ریل گاڑیوں اور بسوں کے ذریعے تمام رہنما خطوط اور ایس او پیز پر عمل پیرا  رہ کر یوٹی واپس لایا۔سرکاری اَعداد و شما ر کے مطابق جموںوکشمیر کے مختلف اَضلاع کی اِنتظامیہ نے ملک کی مختلف رِیاستوں اور یوٹیز سے1,40,292درماندہ مسافروں کو لے کر جبکہ براستہ لکھن پور5,82,932اَفراد کو حکومت نے155کووِڈ خصوصی ریل گاڑیوںکے ذریعے اودھمپو ر اور جموں ریلوے سٹیشنوں پر خیرمقدم کیا ۔حکومت نے لکھن پور کے ذریعے اَب تک بیرون ملک سے937مسافرو ں کویوٹی واپس لایا ہے ۔اِس طرح جموںوکشمیر حکومت نے اَب تک 155کووِڈ خصوصی ریل گاڑیوں اور براستہ لکھن پور بسو ںکے کاروان میں اَب تک بیرون یوٹی درماندہ 7,23,224شہریو ں کو کووِڈ۔19 وَبا سے متعلق تمام اَحتیاطی تدابیر کو مد نظر رکھ کر واپس لایا گیا۔تفصیلات کے مطابق 26؍ اکتوبرسے27؍ اکتوبر 2020ء کی صبح تک لکھن پور کے راستے سے   7,871درماندہ مسافریوٹی میں داخل ہوئے۔اَب تک 134ریل گاڑیاں یوٹی کے مختلف اَضلاع سے تعلق رکھنے والے 124,596درماندہ مسافر جموں پہنچے جبکہ 21خصوصی ریل گاڑیوں سے 15,696مسافر اُودھمپور ریلوے سٹیشن پر اُترے۔
 
 

ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات ،ڈوڈہ 14 حلقوں میں تقسیم

 کاہرہ کی 5 پنچایتیں ٹھاٹھری و بھلیسہ کی 2 پنچایتیں چنگا سے منسلک، عوام ناخوش 

اشتیاق ملک 
 
ڈوڈہ //ضلع ترقیاتی کونسل کے انتخابات کے سلسلہ میں ڈوڈہ ضلع کو 14 حلقوں میں تقسیم کیا ہے تاہم متعدد مقامات پر لوگوں نے کونسل حلقوں کی حدبندی کو ان کی مرضی کے خلاف قرار دیتے ہوئے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانے کا فیصلہ انتباہ دیا ہے۔کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے کاہرہ کے نوجوان سماجی کارکن آصف اقبال بٹ نے کہا کہ بلاک کاہرہ کی 5 پنچائتوں کو ٹھاٹھری کے ساتھ رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں پنچائتی نمائندگان و عوام نے ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں اپنے اعتراضات بھی درج کر کے ان پنچائتوں کو کاہرہ کے ساتھ ہی رکھا جائے لیکن انتظامیہ نے ان کی مانگ کو پورا نہیں کیا جو کہ افسوسناک ہے۔ادھر بلاک بھلیسہ کی دو پنچائتوں (سنو و چنوری) کو چنگا کے ساتھ رکھا ہے جس پر عوامی حلقوں کا شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔سرپنچ پنچائت چنوری محمد نے کہا کہ چنوری سے چنگا 21 کلومیٹر و سنو سے چنگا 16 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔انہوں نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ان دونوں پنچائتوں کو بھلیسہ کے ساتھ رکھا جائے تاکہ عوام کو راحت مل سکے۔اس دوران بلاک کونسل چیئرپرسن محمد عباس راتھر نے بھی اس فیصلے کو عوام مخالف قدم قرار دیتے ہوئے چنوری و سنو کو بھلیسہ کے ساتھ ہی جوڑنے کی مانگ کی ہے۔
 

اپنی پارٹی لیڈر منجیت سنگھ کاجنرل راجندر سنگھ کو خراج عقیدت 

وجے پور//جموں وکشمیر اپنی پارٹی صوبائی صدر اور سابقہ وزیر منجیت سنگھ نے جنرل راجندر سنگھ کو برسی پر خراج ِ عقیدت پیش کیا ہے۔اُن کی پرسی پر آبائی گاؤں راجندر سنگھ پورہ میں تقریب کا اہتمام کیاگیا جہاں پر شرکاء نے سرحدوں پر دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے ملک کی خاطر جان قربان کرنے پر گلہائے عقیدت پیش کیا۔منجیت سنگھ نے جنرل رراجندر سنگھ کی قربانی کو یادکرتے ہوئے کہاکہ جموں وکشمیر کو فخر ہے کہ اُس نے ایک ایسے ثپوت کو جنم دیا جس نے جسم میں موجود آخری قطرے تک سرحدوں کی حفاظت کی اور آنے والے نسلوں کے لئے باعث ِ تحریک بنے۔ انہوں نے کہاکہ جنرل کی عظیم قربانی کی بدولت جموں وکشمیر کو دشمنوں سے بچایاجاسکا۔انہوں نے کہاکہ سیاسی جماعتوں کو امن اور خوشحالی کی اہمیت کو سمجھنا چاہئے کہ تفرقہ انگیز بیانات جاری نہیں کر نے چاہئے جس سے سماج میں پھوٹ پڑے اور تعلقات خراب ہوں۔ اپنی پارٹی خطہ کے پر امن ماحول کو خراب کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دے گی اور آپسی بھائی چارہ اور سماجی تانے باتے کو قائم ودائم رکھنے میں اہم رول ادا کریگی۔ انہوں نے کہاکہ نوجوان فوجی جنرل سے تحریک لیں اور ملک کی تعمیر میں اپنا رول ادا کریں، منشیات سے دور رہیں۔ سابقہ وزیر نے کہاکہ سیاسی جماعتوں کو تعمیری نظریہ اپنا نا چاہئے جوجموں وکشمیر اور ملک کے فائیدے میں ہو۔ اس موقع پر سابقہ کیپٹن موہن لال شرما، برج موہن دتہ، سردار منموہن سنگھ، بلو چوہدری، ویشو ناتھ بھگت، رام سارن بھگت، دیو راج وغیرہ بھی موجود تھے۔
 

رام بن میں کئی مقامات پر ترسیلی لائنیں درختوں سے آویزاں 

اونچائی بھی بہت کم ،انسانی جانوں کو خطرہ ، محکمہ بجلی غفلت میں 

ایم ایم پرویز
 
رام بن//ضلع ہیڈ کوارٹر قصبہ سمیت ضلع رام بن کے مختلف علاقوں میں لکڑی کے بوسیدہ کھمبوں سے براہ راست بجلی کی تاروں کو لٹکاکر رکھاجانا لوگوں کی زندگی کیلئے خطرہ بناہواہے جبکہ محکمہ بجلی گہری نیند میں سورہاہے۔بجلی کی ترسیلی لائنوں کوبعض مقامات پر بغیر کسی مناسب منصوبہ بندی کے لٹکائے رکھاگیاہے۔ ضلع کے رہائشیوں کو خدشہ ہے کہ اس سے انسانی جانوں کو خطرہ پہنچ سکتاہے اور کسی بھی وقت کوئی حادثہ رونما ہوسکتاہے ۔مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ ان لٹکی ہوئی تاروں سے لوگوں کی نقل و حرکت متاثر ہورہی ہے اور محکمہ آج تک بہتر ترسیلی نظام فراہم کرنے میں ناکام ثابت ہواہے ۔ان کاکہناہے کہ کئی علاقوں کو بالکل نظرانداز کردیاگیاہے اور ایل ٹی ٹرانسمیشن لائنیں درختوں پر لٹک رہی ہیںجس سے محکمہ کے نظام کا پتہ چلتاہے۔ان کاکہناتھاکہ کچھ لکڑی کے کھمبے ایسے ہیں جو اب بوسیدہ اور تباہ ہوچکے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ انہیں ترسیلی لائنوں کے ساتھ ساتھ پختہ کھمبے فراہم کئے جائیں تاکہ انسانی جانوں کو بچایاجاسکے ۔لوگوں نے بتایاکہ کئی مقامات پر ترسیلی لائنوں کی اونچائی اتنی ہے کہ کوئی بھی شخص ہاتھ اوپر اٹھائے تواس کا ہاتھ ان لائنوں سے ٹکرائے گا۔
 

آغا حسن او رمولانا قمی کا مہدی مہدوی پورسے اظہار تعزیت 

سرینگر/انجمن شرعی شیعیان کے صدرآغا سید حسن اور پیروان ولایت کے سرپرست اعلیٰ مولانا سبط محمد شبیر قمی نے ہندوستان میں مقیم ایران کے اعلیٰ رہنماسید علی خامنہ ای کے نمایندہ مہدی مہدوی پور کے فرزند نسبتی علی آقا خالق پور اور ان کی نواسی کی حادثاتی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیاہے اور مرحومین کے لواحقین بالخصوص مہدی مہدوی پور سے تعزیت کی۔ آغا حسن نے کہا کہ انجمن شرعی شیعیان پسماندگان کے غم و الم میںبرابر کی شریک ہے اورمرحومین کے بلند درجات اور جنت نشینی کیلئے دعا گو ہے۔دریں اثناء آغا حسن نے ذاکر سید مرتضیٰ تلرزوہ سوناواری کے انتقال پربھی گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار کنبے سے تعزیت کا اظہار کیا۔ 
 

طارق شبنم کے ساتھ تعز یت کا اظہار

 سرینگر//ولر ادبی فورم نے فورم کے صدر طارق شبنم کے والد نسبتی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کیلئے دعا کی ہے۔ہم خیال ادبی فورم بانڈی پورہ بے بھی طارق شبنم سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔معروف افسانہ نگار نور شاہ،ڈاکٹرنذیر مشتاق ،سماجی کارکن نور الدین ہوش ،ڈاکٹر ریاض توحیدی ،راجہ یوسف ،عمران راتھر ، گل تنویر خان ،نذیر جوہر ،ڈاکٹر عاشا فرحین و ڈاکٹر فریدہ بیگم دربھنگہ ،ڈاکٹر عشرت ناہید علی گڑھ ، تنویر احمر تما پوری سعودی عرب ،ڈاکٹر جی ایم ملک ،ناظم وانی ، ڈاکٹر نیلوفر ناز نحوی ،مشتاق مہدی ،غلام نبی شاہد ،دیپک بد کی، دیپک کنول اورزاہد ظفر نے بھی طارق شبنم سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
 

آغا حسن او رمولانا قمی کا مہدی مہدوی پورسے اظہار تعزیت 

سرینگر/انجمن شرعی شیعیان کے صدرآغا سید حسن اور پیروان ولایت کے سرپرست اعلیٰ مولانا سبط محمد شبیر قمی نے ہندوستان میں مقیم ایران کے اعلیٰ رہنماسید علی خامنہ ای کے نمایندہ مہدی مہدوی پور کے فرزند نسبتی علی آقا خالق پور اور ان کی نواسی کی حادثاتی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیاہے اور مرحومین کے لواحقین بالخصوص مہدی مہدوی پور سے تعزیت کی۔ آغا حسن نے کہا کہ انجمن شرعی شیعیان پسماندگان کے غم و الم میںبرابر کی شریک ہے اورمرحومین کے بلند درجات اور جنت نشینی کیلئے دعا گو ہے۔دریں اثناء آغا حسن نے ذاکر سید مرتضیٰ تلرزوہ سوناواری کے انتقال پربھی گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار کنبے سے تعزیت کا اظہار کیا۔ 
 

طارق شبنم کے ساتھ تعز یت کا اظہار

 سرینگر//ولر ادبی فورم نے فورم کے صدر طارق شبنم کے والد نسبتی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کیلئے دعا کی ہے۔ہم خیال ادبی فورم بانڈی پورہ بے بھی طارق شبنم سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔معروف افسانہ نگار نور شاہ،ڈاکٹرنذیر مشتاق ،سماجی کارکن نور الدین ہوش ،ڈاکٹر ریاض توحیدی ،راجہ یوسف ،عمران راتھر ، گل تنویر خان ،نذیر جوہر ،ڈاکٹر عاشا فرحین و ڈاکٹر فریدہ بیگم دربھنگہ ،ڈاکٹر عشرت ناہید علی گڑھ ، تنویر احمر تما پوری سعودی عرب ،ڈاکٹر جی ایم ملک ،ناظم وانی ، ڈاکٹر نیلوفر ناز نحوی ،مشتاق مہدی ،غلام نبی شاہد ،دیپک بد کی، دیپک کنول اورزاہد ظفر نے بھی طارق شبنم سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
 

ڈوڈہ میں 9 نئے کیس

25 مریض کوروناسے صحت یاب 

اشتیاق ملک 
 
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع سے کووڈ 19 کے 9 مریض صحت یاب ہوئے ہیں اور اس دوران 25 مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔منگل کے روز ڈوڈہ سے 9 افراد کی ٹیسٹ رپورٹ مثبت آئی ہے جبکہ 25 مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔اسطرح سے ضلع میں صحت یاب ہوئے مریضوں کی تعداد 2444 ہو گئی ہے جبکہ فعال کیسوں کی تعداد 135 رہ گئی ہے۔