تازہ ترین

کولگام میں ٹریفک جام معمول بن چکا ہے

مسافروں، مریضوں اور ملازمین کومشکلات کا سامنا

تاریخ    28 اکتوبر 2020 (00 : 01 AM)   


سرینگر//کولگام ضلع کے کیموہ اورکھڈونی میںغیر معمولی ٹریفک جام کی وجہ سے عوام کوطرح طرح کے مسائل کا سامنا ہے ۔حیران کن بات یہ ہے کہ کیموہ اورکھڈونی سے نکلنے کے بعد اننت ناگ، شوپیان اور یاری پورہ جانے والا ٹر یفک وہاں اٹک جاتا ہے اور یہاں بدترین ٹریفک جام اب ایک معمول بن چکا ہے۔ ان شاہرائوں پر کئی گھنٹوں تک ٹریفک کی نقل وحمل بند رہنے کی وجہ سے ہر روزسینکڑوں لوگوں کو انتہائی تکلیف دہ صورتحال سے گزرنا پڑ رہا ہے۔ لوگ جہاں محکمہ ٹریفک کو اس سلسلے میں ذمہ دار ٹھہراتے ہیں وہیں محکمہ ٹریفک کو یہ گلہ ہے کہ لوگوں میں احساس کی کمی ہے جس کی وجہ سے ایسی صورتحال پیش آتی ہے۔ ٹریفک محکمہ کی بے حسی کی مثال سوموار کی شام اس وقت ملی جب وہاں ٹریفک جام کا سلسلہ شروع ہوگیا جس میں وقت گذرنے کے ساتھ ہی اضافہ ہوا اور آناً فاناً سینکڑوں گاڑیاں درماندہ ہوگئیں۔ اس صورتحال کی وجہ سے مختلف محکموں کے ملازمین بروقت اپنے دفاتر تک نہیں پہنچ سکے جبکہ مریضوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ کئی گھنٹوں تک مسافر بھی درماندہ رہے تو انہوں نے اپنی منزلوں پر پہنچنے کے لئے گاڑیوں سے اتر کر پیدل مارچ شروع کیا۔