تازہ ترین

پینے کے پانی کی عدم دستیابی

پرنگ کجپارہ کنگن میںجل شکتی محکمہ کے خلاف احتجاجی دھرنا

تاریخ    28 اکتوبر 2020 (00 : 01 AM)   


غلام بنی رینہ
کنگن//چکی پرنگ کجپارہ کنگن میں لوگوں نے جل شکتی محکمہ کے خلاف احتجاجی دھرنا دیکر گاڑیوں کی نقل و حمل بھی مسدود کردی۔دھرنا پر بیٹھے لوگوں نے بتایا کہ انہین گذشتہ بیس روز سے پینے کا صاف پانی میسر نہیں کیا جارہا ہے ۔اس موقع پر خواتین نے بھی ہاتھوں میں خالی مٹکے لیکر محکمہ کے خلاف مظاہرے کئے۔انہوں نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی کے پیش نظر انہیں ناصاف پانی استعمال کرنا پڑرہاہے جس کی وجہ سے بیماریاں پھلنے کا خدشہ ہے۔ مظاہرین نے بتایا کہ انہوںنے جل شکتی محکمہ کے افسران اور دیگر اہلکاروں کو کئی باراس صورتحال سے آگاہ کیا لیکن انہوں نے کوئی اقدام نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ کی عدم دلچسپی کی وجہ سے وہ آج سڑکوں پر نکلنے کیلئے مجبور ہوگئے ۔ بعد میں کنگن پولیس کی ایک ٹیم نے جائے وقوع پر پہنچ کر لوگوں کو یقین دلایا کہ ان کے مسئلہ کو جل شکتی محکمہ کے افسران کی نوٹس میں لایا جائے گاجس کے بعد مظاہرین پُرامن طور پر منتشر ہوئے اور ٹریفک بحال ہوا۔