تازہ ترین

بھارتی فوج کی کشمیر آمد| 73 برس مکمل ہونے پرسرینگر کے کئی علاقوں میں ہڑتال

تاریخ    28 اکتوبر 2020 (00 : 01 AM)   


یو این آئی
سرینگر// بھارتی فوج کی کشمیر آمد کے 73 برس مکمل ہونے پر منگل کو سرینگر کے مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ احتجاجی ہڑتال رہی۔سرینگرکے سیول لائنز اور شہر خاص کے بازار اور تجارتی مراکز بند رہے تاہم سڑکوں پر ٹریفک کی نقل و حمل جاری رہی۔وادی کشمیر میں حریت کانفرنس اور دیگر علاحدگی پسند جماعتوں کی طرف سے 27 اکتوبر کو یوم سیاہ منانے اور اس دن مکمل ہڑتال کرنے کی اپیل کی جاتی تھی لیکن امسال کسی بھی حریت لیڈر یا دھڑے کی طرف سے اس ضمن میں کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔سال گذشتہ پانچ اگست کے بعد سے چونکہ بیشتر حریت لیڈران نظر بند ہیں لہٰذا کسی لیڈر یا دھڑے نے اس سلسلے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا۔ سول لائنزکے لال چوک، ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ، ککر بازار، مہاراجہ بازار، مائسمہ، گاؤ کدل، ریگل چوک، حضوری باغ، مولانا آزاد روڈ، رزیڈنسی روڈ وغیرہ میں بازار بندرہے اور تاہم سڑکوں پر ٹریفک کی نقل وحمل جاری رہی۔ شہر خاص کے نوہٹہ، گوجوارہ، مہاراج گنج، بہوری کدل، صراف کدل، راجوری کدل، نوا کدل، خانیار، کاؤ ڈارہ وملحقہ علاقوں میں بھی بازار بند رہے تاہم سڑکوں پر ٹریفک چل رہا ہے۔