تازہ ترین

مشیر فارو ق خان کی درگاہ حضرت بل میں حاضری

مختلف محکموں کے افسران کے ساتھ میٹنگ، انتظامات کی ہدایت

تاریخ    28 اکتوبر 2020 (00 : 01 AM)   


سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے کل عید میلاد النبّی ؐ کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ طلب کی ۔میٹنگ کے آغاز میں درگاہ حضرت بل اِنتظامیہ نے مشیر کو عید میلاد النّبی ؐ کے سلسلے میں کئے گئے اِنتظامات کے بارے میں جانکاری دی گئی۔میٹنگ میں متعدد محکموں کی جانب سے عید میلاد النّبی ؐ کے سلسلے میں تقریبات کے اِنتظامات کے بارے میں بتایا گیا۔میٹنگ کے دوران مشیر خان کو جانکاری دی گئی کہ عید میلاد النّبی ؐ کی تقریبات کے پیش نظر افرادی قوت اور مشینری کی خدمات حاصل کی گئی ۔ اس کے علاوہ درگاہ حضرت بل کے گرد و نواح کے لئے صفائی ستھرائی کی خصوصی مہم چلائی جارہی ہے ۔مشیر نے ایس ایم سی کمشنر کو نماز عشاء کے بعد درگاہ شریف کے احاطے کوفیومگیشن اور صفائی ستھرائی کے لئے ہدایت دی اور کمشنر سے کہا کہ تاریخی درگاہ جناب صاحب صورہ اور کلاشپور کے مقامات کی بھی صفائی ستھرائی یقینی بنائیں ۔
میٹنگ کے دوران آر ٹی او کشمیر نے کہا کہ میلاد النّبیؐکے موقعہ پر ایس آر ٹی سی بسوں کے علاوہ 200 منی بسیں درگاہ جانے والے راستوں پر چلیں گی۔مشیر خان نے آر ٹی او کشمیر کو ہدایت دی کہ عقیدتمندوں اور زائرین کی سہولیت کے لئے ضلعی صدر مقامات اور وادی کے دیگر حصوں سے خصوصی درگاہ بس سروس چلائیں۔مشیر نے متعلقہ اَفراد کو اس موقعہ پر لوگوں کی سہولیت کے لئے رضاکاروں کی خدمات کو بروئے کار لانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے ٹریفک پولیس سے کہا کہ وہ ٹریفک مینجمنٹ کا لائحہ عمل تیار کریں اور اردو روزناموں میں بھی اسی کو شائع کریں تاکہ لوگوں تک معلومات پہنچ جائیں اور پریشانیوں کے بغیر گاڑیوں کی نقل و حمل یقینی بنایاجاسکے ۔اس موقعہ پر مشیر خان نے پی ڈی ڈی اور محکمہ جل شکتی کو ہدایت دی کہ وہ عید میلاد النّبی ؐ کے ایام تمام اہم مقامات بالخصوص درگاہ حضرت بل کو بلا خلل بجلی اور پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔چیف انجینئر پی ڈی ڈی نے مشیر کوہدایت دی کہ محکمہ بجلی کی فراہمی کے سلسلے میں تمام شکایات اور مسائل کی دیکھ ریکھ کرنے کے لئے چوبیسوں گھنٹے ایک متحرک ٹیم متعین کریں۔ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر نے مشیر کو جانکاری دی کہ کووِڈ ۔19وبائی امراض کے پیش نظر محکمہ نے درگاہ کے تمام 8 داخلی مقامات پر ماسک ، ہینڈ سینی ٹائزر ، تھرمل درجہ حرارت سکینر کے علاوہ اَدویات اور دیگر طبی سہولیات کی فراہمی کا انتظام کیا ہے۔
اس موقعہ پر مشیر خان نے ڈائریکٹر ڈی ایچ ایس کے کو ہیلتھ ایڈوائزری تیار کرنے کی ہدایت دی تاکہ بعد میں اسے مقامی روزناموں میں شائع کیا جائے تاکہ میلاد النّبی ؐکی تقریبات کے دوران عقیدت مند ایس او پی پر عمل پیرا رہیں۔اس کے علاوہ مشیر نے محکمہ کو ہدایت دی کہ میلاد النّبیؐ کی تقریبات کے دوران حضرت بل پر ایک ضروری کریٹیکل کیئر ایمبولینس بھی رکھی جائے۔مشیر خان نے وقف حکام اور آثار شریف انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ لوگوں کی سہولیت کے لئے رضاکاروںکی خدمات یقینی بنائیں تاکہ نماز کے دوران سماجی دُوری برقرار رکھا جاسکے۔بعد میں مشیر خان نے درگاہ حضرت بل میں حاضری دی اور اس موقعہ پر جموں وکشمیر کے عوام کی سلامتی ، ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کی۔اُنہوں نے متعلقہ وقف بورڈ اور ایس ایم سی کمشنر کو ہدایت دی کہ وہ خواتین عقیدت مندوں کے لئے اضافی عارضی واش روموں کو تشکیل دیں۔اِس موقعہ پر مشیر خان کو آثار شریف حضرت بل کی جاری ترقیاتی کاموں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔