تازہ ترین

خشک اور تازہ میوہ جات کی خرید وفروخت | محکمہ باغبانی نے تیسرے ہفتے بھی راجباغ میں بازار سجایا

تاریخ    26 اکتوبر 2020 (00 : 12 AM)   


نمائندہ عظمیٰ
سرینگر //عوام اور کاشتکاروں کی جانب سے اچھے ردعمل کے پیش نظر محکمہ باغبانی کشمیر نے اتوار کو ہارٹیکلچر کمپلیکس راجباغ میں تیسری خریدو فروخت کنندہ میٹنگ کااہتمام کیا۔اس پروگرام میں کشمیر ڈویژن کے تمام اضلاع کے نامور کاشتکاروں نے شرکت کی ۔اتوار بازار کی طرز پر شروع کئے گئے اس بازار میں کاشتکاروں اور محکمہ باغبانی نے 28سٹال قائم کئے تھے ،اور لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے اس بازار میں آکر تازہ اور خشک پھلوں کی خریداری کی۔اس کے علاوہ اس بازار میں مختلف ثقافتی پروگراموں کا بھی اہتمام بھی کیا گیا۔محکمہ باغبانی کشمیر کے  ڈائریکٹر اعجاز احمد بٹ کے مطابق اس پروگرام کا اہتمام پھلوں کے استعمال کیلئے عوام میں شعور پیدا کرنے کیلئے کیا جا رہا ہے، اور آئندہ بھی اس طرح کے پروگرام منعقد کرائے جائیں گئے ۔باغبانیوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ،ڈائریکٹر ہارٹیکلچر کشمیر نے مارکیٹ انٹرونیشن اسکیم (MIS) کے فوائد کی وضاحت کی، جسے حال ہی میں حکومت ہند نے منظور کیا ہے۔انہوں نے کاشتکاروں پر زور دیا کہ وہ اپنے ناموں کے اندراج کیلئے اپنے متعلقہ چیف باغبانی آفیسر سے رابطہ کریں ۔انہوں نے کاشتکاروں کو محکمہ کی مختلف سکیموں کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور ساتھ میں یہ مشورہ بھی دیا کہ وہ اپنے باغات میں دوائی کے چھڑکائو سے قبل محکمہ کے افسران سے رابطہ کریں اور اس کے بعد ہی دوائی کا استعمال کریں ۔انہوں نے راج باغ میں قائم مارکٹ کا بھی دورہ کیا، جہاں پرخشک میوہ کے علاوہ تازہ میوہ خرید وفروخت کیلئے رکھا گیا تھا ۔