تازہ ترین

دوسرے ہفتے بھی سنڈے مارکیٹ کھلا رہا

تاریخ    26 اکتوبر 2020 (00 : 12 AM)   
(عکاسی: امان فاروق)

نیوز ڈیسک
سرینگر//جموں و کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سرینگر کے سول لائنز میں ہر اتوار کو لگنے والا مشہور سنڈے مارکیٹ دوسرے ہفتے بھی کھلا رہا۔کورونا وبا کے پھیلائو کی روکتھام کیلئے قریب 7ماہ تک بند رکھے گئے اس مارکیٹ کو پچھلے اتوار کو محدود تجارتی سرگرمیاں بحال کرنے کی اجازت حکام نے دے دی تھی جس کے بعد تاجروں نے پھر سے اپنے اپنے سٹال قائم کر کے مال فروخت کیا ۔ اتوار کے روز اس مارکٹ میں لوگوں کی بھیڑ باڑ کم دیکھی گئی۔ یاد رہے کہ یہ مارکٹ سستی قیمتوں پر چیزوں کی فروخت کیلئے مشہور ہے اور اس مارکیٹ میں اپنا سامان سجانے اور فروخت کرنے والے ریڑہ بانوں نے کورونا وائرس سے متعلق گائیڈ لائنز پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کا متعلقہ حکام کو یقین دلایا ہے۔سنڈے مارکیٹ میں موجود خریداروں نے بتایا کہ مارکیٹ کو کھلا دیکھ کر کافی خوش ہیں۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس مارکیٹ میں جتنے اقسام کے درآمدی ملبوسات دستیاب ہوتے تھے اتنے نہیں ہیں۔ ریڑہ بانوں کے ایک گروپ نے بتایا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے درآمدی مصنوعات بالخصوص ملبوسات اور جوتوں کا آنا پچھلے کئی ماہ سے بند ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ چونکہ سنڈے مارکیٹ بھی پچھلے زائد از سات ماہ سے بند ہی تھا اس لئے ہم نے بھی درآمدی مصنوعات اپنے ڈیلروں سے حاصل کرنے کی زیادہ کوششیں نہیں کیںتاہم انہوں نے کہا کہ اب یہ سلسلہ دوبارہ شروع ہو چکا ہے ہم کوشش کر رہے ہیں کہ پھر اس مارکیٹ کو اسی طرز پر سجھایا جائے جیسا پہلے تھا ۔