تازہ ترین

شہر کی سڑکوں پر موت کا خونین رقص جاری | 9 ماہ کے دوران 187سڑک حادثات رونما 29افراد ہلاک 194زخمی

تاریخ    26 اکتوبر 2020 (00 : 12 AM)   


نمائندہ عظمیٰ
سرینگر // شہر کی سڑکوں پر روان سال بھی موت کا خونین رقص جاری رہااور ستمبر کے مہینے تک 187سڑک حادثات میں 29لوگ ہلاک جبکہ 194زخمی ہوئے ہیں ۔ تاہم محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ شہر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے مالکان کے خلاف 33906چالان کئے گئے ہیں ۔محکمہ ٹریفک کی جانب سے جاری کئے گئے عدادوشمار کے مطابق جنوری کے مہینے میں شہر میں 26سڑک حادثات کے دوران 7لوگوں کی موت ہوئی اور 29زخمی ہوئے ۔اسی طرح فروری کے مہینے میں 28سڑک حادثات کے دورا ن2لوگ ازجان ہوئے اور 36زخمی ہوئے۔مارچ کے مہینے میں 28سڑک حادثات میں 7لوگوں کی موت ہوئی اور 22زخمی ہوئے ،اپریل کے مہینے میں کورونا لاک ڈائون کے بیچ گاڑیوں کی آمد ورفت مسلسل متاثر رہنے سے صرف 7سڑک حادثات رونما ہوئے جس دوران 10لوگ ہی زخمی ہوئے ہیں اور اس ماہ میں کسی بھی شہری کی جان نہیں گئی ۔محکمہ کے عدادوشمار سے معلوم ہوا ہے کہ مئی کے مہینے میں شہر سرینگر میں 23سڑک حادثات میں 3لوگوں کی موت ہوئی ہے اور19زخمی ہوئے ہیں ۔جون کے مہینے میں 16سڑک حادثات کے دوران 2لوگوں کی موت ہوئی اور 15زخمی ہوئے ۔ جولائی کے مہینے میں 26سڑک حادثات میں 4لوگوں کی موت ہوئی اور 28زخمی ہوئے ہیں ۔اسی طرح اگست کے مہینے میں 17سڑک حادثات میں 1شہری از جان ہوا اور 17زخمی ہوئے۔اسی طرح ستمبر کے مہینے میںشہر کی سڑکوں پر 18سڑک حادثات میں 3لوگوں کی موت ہوئی اور 18زخمی ہوئے ہیں اور اس طرح شہر کی سڑکوں پر بھی موت کا خونین رقص جاری ہے ۔محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں کرنے والی گاڑیوں کے مالکان پر جرمانہ عائد کیا جاتا ہے اور روان سال محکمہ نے شہر سرینگر میں کورٹ اور کمپاونڈ 33906چالان کئے ہیں ۔ محکمہ کے مطابق زیادہ تر سڑک حادثات تیز رفتاری، گاڑی چلانے کے دوران موبائل فون کا استعمال ایک دوسرے پر سبقت لینا اوور لوڈنگ اور سڑکوں کی خستہ حالی ہے تاہم محکمہ ایسے ڈرائیوروں کے خلاف کاروئی عمل میں لارہا ہے جو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔