تازہ ترین

ملکی سطح پر بچوں کی تعلیم میں پلوامہ کا اہم کردار | ہوم ورک میں کام آنے والے پنسلوں کا 90فیصد مواد یہیں سے فراہم:مودی

تاریخ    26 اکتوبر 2020 (00 : 12 AM)   


یو این آئی
نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ پلوامہ پورے ملک کو پڑھانے میں اہم کردار ادا کررہا ہے ۔وزیر اعظم نے’من کی بات ‘پروگرام میں کہا کہ ملک بھر میں بچے اپنا ہوم ورک کرتے ہیں، تو کہیں نہ کہیں اس کے پیچھے پلوامہ کے لوگوں کی سخت محنت بھی ہے ۔ انہوں نے کہا ‘‘وادی کشمیر پوری ملک کی تقریباً 90 فیصد لکڑی کی تختی کی مانگ پورا کرتی ہے ، اور اس کی بڑی حصہ داری پلوامہ کی ہے ۔ ایک زمانے میں ہم بیرون ملک سے پنسل کیلئے لکڑی منگواتے تھے ، لیکن اب ہمارا پلوامہ اس شعبے سے ملک کو خودانحصار بنا رہا ہے ۔ مودی نے کہا کہ در حقیقت پلوامہ کی یہ پنسل سلیٹ ریاستوں کے مابین فاصلہ کم کررہی ہیں ۔ انہوں نے کہا ‘‘وادی کی چنار کی لکڑی میں نمی ، اچھی مقدار اور ملائم پن ہے ، جو پنسل کی تیاری کے لئے سب سے موزوں ہے ‘‘۔وزیر اعظم نے کہا ‘‘پلوامہ میں اوکھو کو پنسل گاؤں کے نام سے جانا جاتا ہے ۔ یہاں پنسل مینوفیکچرنگ کے کئی یونٹ ہیں ، ان میں کثیر تعداد میں خواتین کام کرتی ہیں ۔ انہوں نے کہا ’’ پلوامہ کی یہ شناخت اس وقت قائم ہوئی ہے جب یہاں کے لوگوں نے کچھ نیا کرنے کا فیصلہ کیا ، اور اپنے آپ کو اس کیلئے وقف کردیا’’ ۔مودی نے لکڑی کاٹنے والے مزدورمنظور احمد الائی کا ذکر کرتے ہوئے کہا ‘‘ منظور بھائی کچھ نیا کرنا چاہتے تھے تاکہ ان کی آنے والی نسلیں غربت میں نہ رہیں ۔ انہوں نے اپنی پشتینی زمین بیچ دی اور سیب رکھنے والے لکڑی کے بکسے بنانے کا ایک یونٹ شروع کیا۔منظور کو معلوم ہوا کہ پنسل مینوفیکچرنگ میں چنار کی لکڑی کا استعمال شروع کیا گیا ہے ۔ یہ جاننے کے بعد منظور بھائی نے اپنی کاروباری صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کچھ مشہور پنسل مینوفیکچرنگ یونٹوں کو چنار کی لکڑی کی فراہمی شروع کردی۔ منظور جی کویہ بہت منافع بخش لگا اور ان کی آمدنی میں بھی اضافہ ہونے لگا۔ وقت کے ساتھ ساتھ اس نے پنسل سلیٹ تیار کرنے کی مشین لے لی اور اس کے بعد انہوں نے ملک کی بڑی کمپنیوں کو پنسل سلیٹ کی سپلائی شروع کردی ۔ آج ان کا کاروبار کروڑوں میں ہے اور وہ تقریبا دو سو لوگوں کو روزگار فراہم کر رہے ہیں’’۔وزیر اعظم نے ‘من کی بات’ کے ذریعہ نوجوانوں کو تعلیم یافتہ بنانے کے لئے منظور سمیت پلوامہ کے محنتی بہن بھائیوں اور ان کے اہل خانہ کے بیش قیمتی تعاون کی تعریف کی۔
 
 

تازہ ترین