تازہ ترین

وادی میں سردی کی دستک | پہاڑوں پر دوسری ہلکی برفباری ،درجہ حرارت میں مزید گرواٹ

تاریخ    26 اکتوبر 2020 (00 : 12 AM)   


اشفاق سعید
 سرینگر //محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق توار کی صبح سے وادی کشمیر میں موسمی صورتحال میں تبدیلی آئی، آسمان پر بادل چھا گئے، تیز ہوائیں چلنے لگیں اور اس دوران پیر کی گلی ، گلمرگ ، سونہ مرگ سمیت دیگر بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری اور کچھ ایک میدانی علاقوں میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔ اتوار کی شام سے پوری وادی میں سردی کی شدید لہر پیدا ہوئی۔ غلام نبی رینہ کے مطابق  دراس، منی مرگ، شیطانی نالہ، زیرو پوائنٹ اور زوجیلا میں دوسرے روز بھی تازہ برفباری کا سلسلہ جاری رہا جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ منی مرگ، زوجیلا، اورزیرو پوائنٹ میں سنیچر کی شام سے ہلکا برف باری کا سلسلہ شروع ہوا جو وقفے وقفے سے اتوار کی شام تک جاری رہا  جس کی وجہ سے گومری، زیرو پوائنٹ، مٹاین کے مقامات پر پھسلن پیدا ہوگئی اور گاڑیوں کو چلنے میں مشکلات پیش آئیں۔منی مرگ میں تین اینج، گومری چار اینچ، زیرو پوائنٹ اور زوجیلا میں دو اینچ برف ریکارڈ کی گئی۔ گلمرگ میں اتوار بعد دوپہر سے موسمی صورتحال میں تبدیلی آئی اور آسمان پر کالے بادل چھا جانے کے ساتھ ہی افر وٹ کی پہاڑیوں پر رواں موسم کی پہلی برفباری ہوئی ۔ افروٹ پہاڑی کے ساتھ ساتھ معاون پہاڑوں پر بھی ہلکی برفباری ہوئی۔ ٹنگمرگ میں شام چار بجے سے معمولی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا ۔ادھر پیر کی گلی اور مغل روڑ پر بھی تازہ برف باری ہوئی جس کے نتیجے میں شاہراہ کو پھسلن کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت احتیاطی طور پر بند کر دی گئی ۔ پیر کی گلی میں قریب 2انچ برف ریکارڈ کی گئی  اور دن میں بھی بالکل ہلکی برف پڑ رہی تھی البتہ سڑک کھلی تھی، لیکن سہ پہر کو ہیر پورہ سے آگے گاڑیوں کی آمد و رفت بند کردی گئی۔ادھر کپوارہ اور دیگر بالائی علاقوں میںہلکی برف باری اور بارشیں ہوئیں ۔محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر مختار احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ آج  یعنی اتوار سے موسم میں تبدیلی آئے گی تاہم صبح اور شام درجہ حرارت میں مزید کمی دیکھنے کو ملے گی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں اتوار کو دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت18.4ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا  جبکہ سنیچر اور اتوار کی درمیانی رات کو رات کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 2.6ڈگری تھا ۔پہلگام میں دن کا درجہ حرارت 14.9ڈگری سلسیش تھا جبکہ رات کا کم سے کم درجہ حرات1.3ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا تھا ۔سرحدی ضلع کپوارہ میں دن کا 20.4اوررات کا درجہ حرات2.5ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا تھا ۔ گلمرگ میں دن کا درجہ حرارت 10.0اور رات کا کم سے کم درجہ حرات2.0ڈگری تک جا پہنچا تھا ۔
 

تازہ ترین