تازہ ترین

’جموں اعلامیہ‘ سے ہمارا کوئی لینا دینا نہیں: بھیم سنگھ

تاریخ    25 اکتوبر 2020 (00 : 01 AM)   


جموں//یواین آئی// پینتھرس پارٹی کے سرپرست پروفیسر بھیم سنگھ نے ’’جموں اعلامیہ‘‘ کو فرقہ پرست پارٹیوں کا اتحاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا اس اعلامیے کے ساتھ کوئی لینا دینا نہیں ہے۔بتادیں کہ جموں کی بیس سیاسی و سماجی تنظیموں نے جموں اعلامیے کے تحت اتحاد کر کے جموں صوبے کے لئے ریاستی درجے کا مطالبہ کیا ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ اس اتحاد کی طرف سے منعقدہ ایک پریس کانفرس سے جموں و کشمیر پینتھرس پارٹی کے ہی چیئرمین ہرش دیو سنگھ نے خطاب کرتے ہوئے جموں صوبے کے لئے ریاستی درجے کا مطالبہ کیا ہے۔موصوف پروفیسر نے ہفتے کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات چیت کے دوران ’’جموں اعلامیے‘‘ سے اظہار لاتعلقی کرتے ہوئے کہا،’’جموں و کشمیر نیشنل پینتھرس پارٹی کا جموں اعلامیے کے ساتھ کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ ہم کشمیر اعلامیے کو اور نہ ہی جموں اعلامیے کو تسلیم کرتے ہیں‘‘۔انہوں نے پینتھرس پارٹی کو ایک سیکولر پارٹی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جموں اعلامیے میں فرقہ پرست جماعتیں ہیں جن کے ساتھ ہم کبھی بھی ہاتھ نہیں ملا سکتے ہیں۔موصوف نے کہا کہ ہم اس جموں وکشمیر کے حق میں ہیں جو آج سے دو سو سال قبل تھا جس کو ڈوگرہ حکمران مہاراجہ گلاب سنگھ نے بنایا تھا۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لئے ڈوگروں ہی نے نہیں بلکہ کشمیری مسلمانوں نے بھی قربانیاں دی ہیں۔