تازہ ترین

مزید خبرں

تاریخ    18 اکتوبر 2020 (00 : 01 AM)   


ہارون اور پیر باغ میںپانی کی ہاہا کار

 
سرینگر/ارشاد احمد//ہارون اورپیر باغ سرینگر کے متعدد علاقوں میں پچھلے ایک ہفتے سے زائد عرصہ سے پینے کے پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ ہارون، چندہ پورہ،درباغ،سمیت دیگر متعدد علاقوں میں پچھلے ایک ہفتے سے پینے کے صاف پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے جبکہ محکمہ جل شکتی اس قلت کو دور کرنے سے ابھی تک ناکام ہی ثابت ہوگیا ہے۔ہارون کے حفیظ اللہ میر نے بتایا کہ کئی مرتبہ اس بارے میں محکمہ جل شکتی کو آگاہ کیا گیا لیکن ابھی تک پانی کی فراہمی یقینی نہیں بنائی جاسکی۔ادھر گرین ایونیو پیرباغ اور دیگر ملحقہ علاقوں کے لوگوں نے بھی شکایت کی ہے کہ ان علاقوںمیں پچھلے کچھ دنوں سے پینے کے پانی کی شدید قلت ہے۔مقامی شہری بلال احمد بٹ نے بتایا کہ ان علاقوں کے باشندوں نے متعلقہ حکام سے بار بار درخواست کی ہے کہ وہ لوگوں کو درپیش شدید پریشانی کو دور کریں لیکن کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔
 

حضرت سیدنا امام حسن مجتبیٰؓ کایوم شہادت 

خانقاہ معلی،نرورہ ،جمالٹہ سمیت کئی مقامات پر مجالس آراستہ

 
سرینگر// جموں وکشمیر کے طول ارض میں سیدنا حضرت امام حسن مجتبیٰ ؓ کا عرس مبارک (یوم شہادت) نہایت عقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا ۔ آستان عالیہ علم صاحب نرورہ ،خانقاہِ معلی، زیارت مرزا اکمل الدین بدخشی، آستان شاہ کلندر لار اور آستان عالیہ حضرت شیخ محمد ابراہیم (المعروف کاکا صاحب ) جمالٹہ میں مجالس منعقد ہوئیں۔جہاں درود ازکار ، ختمات المعظمات کی محفلیں آراستہ ہوئی اور تبروکات کی نشاندہی کی گئی ۔ منعقدہ مجالس میں علمائے کرام نے اُن کی پاک سیرت ،علم اور روحانی کمالات پر روشنی ڈالی۔مرزا اکمل الدین بدخشیؒ پر منعقدہ تقریب پر مولوی خورشید احمد قانونگو نے امام حسن مجتبیٰ ؓ اور حضرت مجدّد الف ثانی شیخ احمد سرہندیؒ کی سیرت، تعلیم اور تقویٰ پر خطبہ دیا۔ جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ہمدانی نے اپنے پیغام میں کہا کہ حضرت امام حسن مجتبیٰ کی پاک سیرت پیغمبر آخرزمان ﷺ (نواسہ اکبر ) سیدنا امام حسن مجتبیٰ پیکرِ صبر وتحمل ، صدقات، خیرات، جودسخا، سیر چشمی وفیاضی کی نسبت سے ایک دریا آستین بادشاہ کا مقام حاصل تھا۔دریں اثناء حضرت مجدّد الف ثانی شیخ احمد سرہندیؒ کا عرس مبارک بھی عقیدت و احترام کیساتھ منایا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں سب سے بڑی تقریب سرہند شریف پنجاب میں منعقد ہوئی۔ 
 

سنڈے مارکیٹ طرز پر پھلوں کی خرید و فروخت  

راجباغ میں آج بھی بازارسجے گا 

 
 سرینگر //محکمہ باغبانی سرینگر کی کوششوں کی بدولت راجباغ میں آج بھی سنڈے مارکیٹ طرز پر مقامی پھلوں کی خرید وفروخت کیلئے بازار سجے گا۔ مقامی پھلوں کی سنڈے مارکیٹ طرز پر خرید و فروخت کیلئے جاری کوششوں کے تحت آج دوسری مرتبہ یہاں ہارٹیکلچر کمپلیکس راجباغ میںبازار سجے گا۔جس دوران مختلف اقسام کے میوے وہاں پر دستیاب ہوں گے اور یہ بازار سجانے کا مقصد صارفین تک معیاری میوہ جات کی رسائی کو ممکن بنانا ہے۔ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر کشمیر  اعجاز احمد بٹ نے بتایا کہ پھلوں کی نمائش اور فروخت کیلئے 20 اسٹال لگائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ وادی کے تمام اضلاع سے آنے والے گروورس اس شریک ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ گاڑیوں پارکنگ کی سہولت بھی کمپلیکس کے احاطے میں ہی رکھی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے پیش نظرحکومت کی طرف سے جاری کردہ تمام ایس او پیز کی سختی سے پیروی کی جائے گی۔
 

مانچھواہ میں پیٹرول پمپ پر10ہزار جرمانہ عائد

 
سرینگر//محکمہ لیگل اینڈ میٹرولوجی نے گاڑیوں کو کم ایندھن فراہم کرنے کی پاداش میں مانچھواہ کرالہ پورہ میں ایک پیٹرول پمپ پر10ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا ۔محکمہ کو شکایت ملی تھی کہ مذکورہ پیٹرول پمپ پرکم ایندھن فراہم کیا جاتا ہے چنانچہ محکمہ کی ایک ٹیم نے کل پیٹرول پمپ پر چھاپہ ڈاالا جس دوران پمپ میں ایندھن بھرنے کی4نوزلوںکو چیک کیا گیا جس دوران ایک نوزل سے کم ایندھن بھرنے کی شکایت درست پائی گئی ۔محکمہ نے اس کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پیٹرول پمپ کے مالک پر 10ہزار روپے موقعہ پر ہی جرمانہ وصال کیا جبکہ کم ایندھن بھرنے والی نوزل کو سیل کیا گیا۔