تازہ ترین

جعلی نوکریاں فراہم کرنے کاسکینڈل طشت ازبام | سائبر پولیس سرینگرکی کارروائی،2 ملزمان سلاخوں کے پیچھے

تاریخ    17 اکتوبر 2020 (00 : 01 AM)   


نیوز ڈیسک
سرینگر//سائبر پولیس اسٹیشن کشمیر زون نے سوشل میڈیا کے ذریعے دھوکہ دہی کرتے ہوئے لوگوںاور خاصکر خواتین اور نو عمر لڑکیوں کو ملازمت فراہم کرنے کا جھانسہ دینے والے 2 ملزمان کو گرفتارکرکے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔سائبر پولیس اسٹیشن کشمیر زون سرینگر کو بارہ مولہ کی ایک خاتون کی جانب سے تحریری شکایت موصول ہوئی جس میں انہوں نے بتایا کہ مذکورخاتون کو نامعلوم فیس بُک صارف نے دھوکہ دیا اور جنہوں نے کئی جعلی فیس بُک اکاونٹ کھولے ہوئے ہیں اوروہ خود کو پروجیکٹ آفیسر’’ آئی سی ڈی ایس ‘‘جتلاتا ہے اور مذکوریہ عورت کو نوکری فراہم کرنے کی یقین دہانی کی تھی ۔سائبر پولیس نے کیس زیر ایف آئی آرنمبر23/2020 متعلقہ دفعات کے تحت درج کرکے تحقیقات شروع کی جس دوران یہ پتہ چلا کہ مذکورہ فیس بک اکاونٹ صارف کے لگ بھگ15 جعلی فیس بک اکاونٹ ہیں جو مرد اور خواتین کے الگ الگ ناموں پر درج ہیں اورمختلف سم کارڈ بدلتا رہتا ہے۔مذکورہ ملزم نے ملازمت فراہم کرنے کے بہانے متاثرین سے لاکھوں روپئے اینٹھ لئے ہیں۔تحقیقات کے دوران یہ بھی پتہ چلا کہ ملزم جعلی فیس بگ اکاونٹ کھولنے کیساتھ ساتھ معز ز شخصیات کے فوٹو پروفائل رکھتا تھا خاصکر سیاست اور ٹیلی ویثرن کے ساتھ منسلک افراد کے تاکہ نوجوان لڑکیاں اُس سے متاثر ہوسکیں اور بعدمیں وہ اِن جوان لڑکیوں کو فرینڈ ریکوسٹ بھیجتا تھا اور بعد میں اُس کے ساتھ چاٹنگ شروع کرتے تھے ۔ اس کے علاوہ مذکورہ ملزم نوعمر لڑکیوں کو قابل اعتراض تصاویراور وڈیو ز شئیر کرنے پر مجبور کرتا تھا جن کو وہ بعد بلیک میل کرتا تھا۔انہوں نے متاثرین سے پیسے دوسروں کے بینک کھاتوںمیں جمع کرانے کو کہا تھا تاکہ وہ پھنس نہ جائے اور پیسے دوسروںکے ذریعے سے وصول کرتا تھا۔سائبر پولیس کے ماہرین نے اپنی تحقیقات کے دوران جدید سائنسی طریقے کار کو بروئے لاتے ہوئے ملزم کو پکڑنے میں کامیابی حاصل کی ، جس کی شناخت محمد حُسین میر عرف بٹہ مورے ولد مرحوم غلام قادر میر ساکن لازبل کے پی روڑ اننت ناگ کے بطور ہوئی ہے۔ مذکورہ ملزم نے اس بات کا انکشاف کیا کہ وہ مشہور ٹی وی سیرل ’’ کرائم پیٹرول ‘‘ دیکھ کر ایسا کام سرانجام دینے کیلئے تیار ہوا تھا۔اس معاملے میں جعلی سم کارڈزفراہم کی پاداش اُس کے ایک اور ساتھی کو پولیس نے گرفتارکیاہے۔